امن و امان کے حوالے سے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ، وزرات داخلہ ملک میں امن و امان کی بہتری کو یقینی بنائے ، تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے باہمی روابط کو بڑھائیں ، وزیر اعظم عمران خان کی شیخ رشید احمد کو ہدایت
اسلام آباد
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کسی کو امن و امان خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی صدارت میں ملک میں امن و امان کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا ، اس اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد سمیت دیگر وزرا نے شرکت کی۔ بتایا گیا ہے
کہ اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے ہدایت کی کہ وزرات داخلہ امن و امان کی بہتری یقینی بنائے ، جس کے لیے تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے باہمی روابط کو بڑھائیں ، کیوں کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے ، امن و امان کے حوالے سے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور کسی کو بھی ملک کا امن و امان خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
قبل ازیں وزیراعظم عمران خان نے اسامہ ستی کے اہلخانہ کو انصاف کی فراہمی کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروادی ، وزیر اعظم عمران خان سے اسامہ ستی کے اہلخانہ نے ملاقات کی ، اس دوران وزیراعظم نے اسامہ ستی کے لیے فاتحہ خوانی کی اور لواحقین کو تحقیقات سے متعلق تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی
وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ لواحقین کوانصاف کی فراہمی کے لیے ہر ممکن تعاون کریں گے۔دوسر طرف وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پولیس اہلکاروں کے ہاتھوں قتل ہونے والے طالب علم اسامہ ستی کیس کی جوڈیشل انکوائری مکمل کرلی گئی ، رپورٹ میں پانچوں اہلکاروں کو ذمہ دار قرار دے دیا گیا ، ملزمان کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کے تحت مقدمہ چلانے کی سفارش کردی گئی۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر رانا محمد وقاص کی جانب سے کی گئی اسامہ ستی قتل کیس کی جوڈیشل انکوائری رپورٹ وزارت داخلہ کو جمع کروادی گئی ، جس میں پانچوں اے ٹی ایس اہلکار کو قتل کا ذمہ دارقرار دیا گیا ہے ، جن کے خلاف دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ چلانے کی بھی سفارش کی گئی ہے۔