وفاقی حکومت کی ایماء پر شہباز گل کی گرفتاری کو انتقامی کارروائی و انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، کامران بنگش
پشاور(ویب ڈیسک)خیبرپختونخوا کے وزیر برائے اعلیٰ تعلیم کامران بنگش نے وفاقی حکومت کی ایماء پر شہباز گل کی گرفتاری کو انتقامی کارروائی و انسانی حقوق کی خلاف ورزی سے تعبیر کیا ہے۔
صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم کامران بنگش نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ امپورٹڈ حکومت پاکستان تحریک انصاف کی مقبولیت سے خوفزدہ ہے اسی لیے آئے روز پاکستان تحریک انصاف کے خلاف انتقامی کاروائیاں کرتی ہے لیکن پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان کے وطن کے لیے جذبات اور قائد عمران خان سے محبت کم نہیں ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ شہباز گل کو عام چوراہے پر ڈاکووں کی طرح روک کر گرفتار کیا گیا اور گاڑی کے شیشے بھی توڑ دئیے جو انتہائی قابل افسوس ہے، شہباز گل ایک شریف سیاسی شہری ہیں، ان کے ساتھ ایسا رویہ قابل مذمت ہے،وفاقی حکومت ایسی کارروائیوں سے ہمارے ورکرز کو ختم نہیں کر سکتی۔
صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم کامران بنگش نے کہا کہ حکومتی جبر کی نئی داستانیں رقم ہورہی ہیں،امپورٹڈ حکومت چند دن کی مہمان ہے۔انہوں نے کہا کہ پچیس مئی کا جبر ہمارے سینوں پہ نقش ہے یہ سب کچھ ہم نہیں بھولیں گے۔
قبل ازیں صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم کامران بنگش نے اسلام آباد میں زیر علاج پاکستان تحریک انصاف کے ایم پی اے ملک لیاقت کی عیادت کی اور ان کی جلد صحتیابی کے لیے دعا و نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔