ملک کے سب سے بڑے عام انتخابات 2024کیلئے پولنگ شروع، موبائل اور انٹرنیٹ سروس معطل
ملک بھر میں قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے 855 حلقوں پر اپنے امیدواروں کے انتخاب کیلئے 12 کروڑ 85 لاکھ 85 ہزار 760 ووٹرز آج اپنا حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں۔
پاکستان کے بارہویں اور ملکی تاریخ کے سب سے بڑے عام انتخابات کیلئے پولنگ کا عمل شروع ہوگیا، ملک بھر میں پولنگ کا عمل بغیر کسی وقفے کے صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔
عام انتخابات کے دوران قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے 855 حلقوں کیلئے 882 خواتین اور 4 خواجہ سراؤں سمیت ملک کی تاریخ میں سب سے زیادہ امیدوار حصہ لے رہے ہیں جن کی تعداد 17 ہزار 816 بنتی ہے۔
عام انتخابات کیلئے جاری پولنگ کے دوران ملک بھر میں 12 کروڑ 85 لاکھ 85 ہزار 760 ووٹرز آج اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں گے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق ووٹر کو قومی اسمبلی کیلئے سبز اور صوبائی اسمبلی کیلئے سفید بیلٹ پیپر دیا جائے گا، ووٹ ڈالنے کیلئے ووٹر کو اصل شناختی کارڈ دکھانا لازم ہوگا۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ چار انتخابی حلقوں میں امیدواروں کی اموات کی وجہ سے پولنگ ملتوی کی گئی ہے۔