اسلام آباد سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 47 اور 48 سے آزاد امیدوار مصطفیٰ نواز کھوکھر کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں موبائل فون بند کرنا الیکشن دھاندلی کی ابتدا ہے۔
اس حوالے سے اپنے بیان میں آزاد امیدوار مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ امیدواروں کا ایجنٹس اورانتخابی مشینری سے رابطہ کاٹنا زیادتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں موبائل فون سروس بند کرنا دھاندلی کی ابتدا ہے، کچھ عرصے سے پولیس گردی کا بھی سامنا ہے، جب کہیں سے اطلاع آئے گی دیر ہو چکی ہو گی۔
سابق سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے یہ بھی کہا کہ دھونس اور دھاندلی کے الیکشنز کسی صورت منظور نہیں ہیں، چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ٹی وی سے پتا چلا موبائل فون سروسز بند ہیں، یہاں ایک چیف الیکشن کمشنر کا یہ حال ہے، فون سروسز کا بند ہونا امیدواروں کے ساتھ زیادتی ہے۔
مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ ایک سیاسی جماعت کے لیے راستہ کھولا گیا ہے، اسٹیٹ مشنیری پہلے سے ہی ایک جماعت کے لیے کام کر رہی ہے، موبائل فون کی بندش پری پول ریگنگ کا آغاز ہے، پری پول کا ماحول تو خراب کیا ہی تھا آج پولنگ ڈے بھی خراب کر دیا، تمام انتخانات کے عمل پر شدید سوالیہ نشان ڈال دیا ہے۔