اسلام آباد(ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین و وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے یوم شہدائے پولیس پر عوام کی حفاظت کے لئے جام شہادت نوش کرنے والے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
اپنے پیغام میں، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے فرض شناسی کے لئے اپنی تمام توانائیاں صرف کرنے والے پولیس اہل کاروں اور افسران کو شاباش دی اور کہا کہ پولیس کے سپاہی اور افسران دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن پر لڑے اور قربانیاں دی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کی حفاظت کے لئے پولیس اہل کاروں اور افسران کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پولیس کے جوان اس دھرتی پر رہنے والوں کے محافظ ہیں، قوم کو ان پر فخر ہے۔