Ultimate magazine theme for WordPress.

بولان میل کی بحالی سے بلوچستان کے لوگوں کو جدید سفری سہولیات میسر ہوں گی

0

کوئٹہ(جی این ایم)بولان میل کی بحالی سے بلوچستان کے لوگوں کو جدید سفری سہولیات میسر ہوں گی، بولان میل 2022 کی سیلابوں کی وجہ سے بند کردیا گیا تھا ایک سال چار مہینوں کی تعطل کے بعد دوبارہ بحال کی جارہی ہے۔

یہ بات ڈویژن سپرنٹنڈنٹ ریلوے یوسف لغاری نے بولان میل کی دوبارہ بحالی کی تقریب کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہاکہ گرین لائن ٹرین جیسے سہولیات سے مزین یہ ٹرین ہفتے میں دو دن صبح دس بجے کوئٹہ سے کراچی اور شام سات بجے کراچی سے کوئٹہ کے لئے روانہ ہوا کریگی۔

اس ٹرین میں سات سو مسافروں کی گنجائش ہے اور آج اس کے پہلے دن سے ہی اس میں سات سو کے قریب مسافر ہی سفر کر رہے ہیں۔ اس ٹرین میں مسافروں کے لئے لگائی جانیوالی ڈائننگ کار میں ناشتہ، دوپہر اور شام کی کھانے کے علاوہ چائے اور بیڈنگ وغیرہ کی جدید سہولیات موجود ہوں گی۔

ڈی ایس ریلوے نے کہاکہ اس ٹرین کی 9 بوگیاں کوئٹہ سے جبکہ مزید تین بوگیاں سبی اسٹیشن سے لگا کریگی۔ اس ٹرین کی اکانومی کلاس کی کرایہ 22 سو روپے ہے جو پرائیویٹ بسوں کی کرایہ سے بہت کم ہے، انہوں نے کہا کہ محکمہ ریلوے کی کوشش ہے کہ اکبر بگٹی ایکسپریس کو بھی بحال کردی جائے اوراس کی خوشخبری بھی بہت جلد بلوچستان کے عوام کو سنایا جائے گا۔

قبل ازیں ڈی ایس ریلوے یوسف لغاری نے فیتہ کاٹ کر بولان میل کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر چیف کنٹرولر ریلوے محمد کاشف اور دیگر ریلوے آفیسران بھی موجود تھے۔

آپ یہ بھی پسند کریں
اپنی رائے دیں

Your email address will not be published.