مکران میڈیکل کالج میں طلبہ کا احتجاج آج آٹھویں روز بھی جاری ہے، لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ انتظامیہ طلبہ کے جائز مطالبات حل کرنے کے بجائے اب دھمکی آمیز رویے پر اتر آئی ہے۔
انتظامیہ کی جانب سے طلبہ کی لائبریری اور جمنازیم بند کر دینا انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت اقدام ہے۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ طلبہ کو بنیادی تعلیمی اور تفریحی سہولیات سے محروم کرکے ان کی آواز دبانے اور انہیں احتجاج ختم کرنے پر مجبور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
ہم انتظامیہ پر واضح کرنا چاہتے ہیں کہ اس طرح کے دباؤ، دھمکیوں اور غیر جمہوری اقدامات سے طلبہ کے حوصلے پست نہیں کیے جا سکتے۔ ہم اپنے جائز حقوق اور مطالبات کے حصول کے لیے پُرامن جدوجہد جاری رکھیں گے اور کسی بھی دباؤ کے سامنے نہیں جھکیں گے۔
ہمارا احتجاج اس وقت تک جاری رہے گا جب تک طلبہ کے تمام جائز مطالبات تسلیم کرکے ان کا عملی حل نہیں نکالا جاتا۔

