کوئٹہ (این این آئی:الجزیرہ ویب ڈیسک) پاکستان ترقی پذیر ملک ہے جس کی نصف سے زائد آبادی خواتین پر مشتمل ہے، خواتین معاشرے کی فعال شہری ہیں،انہوں نے ہمیشہ اپنی ذمہ داریوں کا احساس کیا ہے،قومی ترقی میں خاندان بنیادی اکائی ہے۔ان خیالات کا اظہار سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ جن گھروں میں پڑھی لکھی خواتین ہیں اور وہ خواتین اپنی جملہ ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھاتی وہی گھرانے معاشرے میں عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھے جاتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ معاشرتی ترقی میں پڑھی لکھی خواتین کا کردار بنیادی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات بھی مشاہدے میں آئی ہے کہ جن دفاتر یا شعبوں میں خواتین خدمات انجام دیتی ہیں ان کی کارکردگی ان دفاتر سے بہتر ہوتی ہے جہاں خواتین کام نہیں کرتیں۔ آج خواتین مختلف شعبہء زندگی میں اپنا بہترین کردار ادا کر رہی ہیں۔