بلوچستان کے عوام کو سازش کے تحت پاکستان سے محبت سے روکھا جارہا ہے،مولانا ہدایت الرحمان بلوچ
قوم کو پاکستان کی اساس سے جوڑنا اور نئی نسل کو نظریہ پاکستان سے روشناس کرانادینی و سیاسی قیادت کی اولین ذمہ داری ہے
کوئٹہ(آن لائن : الجزیرہ ویب ڈیسک)حق دو تحریک کے قائد جماعت اسلامی کیصوبائی جنرل سیکرٹری مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے کہاکہ آمریت کے خلاف او رجمہوریت کے استحکام اسلامی حکومت کے قیام کیلئے ہماری جدوجہدجاری رہیگی پاکستان کے قیام کا مقصد محض ایک ریاست کے حصول تک محدود نہیں تھا بلکہ ہمارے پیش نظر ایک ایسی آزاد اور خود مختارمملکت کا قیام ہے جس میں مسلمان اپنے دین کے اصولوں کے مطابق زندگی گزار سکیں
اورقوموں وہر طبقے کو ان کے حقو ق مل سکیں حقوق ووسائل پر قابض لٹیروں سے نجات کیلئے عملی جدوجہد کی ضرورت ہے۔قوم کو پاکستان کی اساس سے جوڑنا اور نئی نسل کو نظریہ پاکستان سے روشناس کرانادینی و سیاسی قیادت کی اولین ذمہ داری ہے۔ بلوچستان کے عوام کو سازش کے تحت پاکستان سے محبت سے روکھا جارہا ہے حکمرانوں کو بلوچستان کے عوام کو ہر صورت حقوق دینا ہوں گے
ان خیالات کااظہارانہوں نے گوادر میں خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہاکہ پاکستان مدینہ منورہ کے بعد کرہ ارض پر اسلام کے آفاقی و غیر فانی نظریہ لا الہ الا اللہ کی بنیاد پر وجود میں آنے والی پہلی مملکت خدا داد ہے، پاکستان کا قیام بلاشبہ بیسویں صدی کا عظیم معجزہ ہے،اس عطیہ خداوندی کا جتنا بھی شکر ادا کیا جائے کم ہے
قومیں اپنے نظریات کی بنا پر زندہ رہتی ہیں،اپنے اسلاف کے طے کردہ نشانات منزل کو گم کردینے اور اپنے نظریات کو فراموش کر بیٹھنے والوں کا وجود کائنات زیادہ دیربرداشت نہیں کرتی اور وہ حرف غلط کی طرح مٹا دیئے جاتے ہیں۔پاکستا ن اپنے نظریہ کے بغیر ایسے ہی ہے جیسے روح کے بغیر جسم!قومی سوچ اور حب الوطنی کے جذ بات کو پروان چڑھانے میں 14اگست کا دن بڑی اہمیت رکھتا ہے
اپنی آنے والی نسلوں کو قیام پاکستان کے اعلیٰ و ارفع مقاصد سے ہم آہنگ کرنے اور مملکت خداد کوایک اسلامی و فلاحی ریاست بنانے کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کیلئے ضروری ہے کہ ہم دامے درمے سخنے تحریک پاکستان اور پاکستان کے حصول کیلئے دی گئی بے مثال قربانیوں کی یاد کو زندہ و جاوید رکھیں۔