کوئٹہ (الجزیرہ ویب ڈیسک ) اہلسنت والجماعت وسنی علماء کونسل کے بلوچستان کے صدر مولانا محمد رمضان مینگل نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران بلوچستان کے مختلف اضلاع میں صحابہ کرامؓ کی شان میں گستاخیوں کیخلاف فی الفو ر کارروائی کی جائے بصورت دیگر ہم صوبے بھر میں احتجاج کریں گے بالخصوص جعفرآباد، نصیر آباد، جھل مگسی، مچھ، بولان میں صحابہ کرامؓ کی شان میں گستاخیاں کی گئی ہیں، گالم گلوچ، بازاری زبان کا استعمال کیا گیا ہے اگر انتظامیہ نے حیلے بہانوں سے کام لیا تو اہلسنت والجماعت وسنی علماء کونسل بلوچستان کا صوبائی اجلاس طلب کرکے صوبے بھر میں عوام اہلسنت احتجاج کی کال دیں گے، ہم ایسی گستاخیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مولوی ثناء اللہ، مولانا عبدالرحیم ساجد اور دیگر ذمہ داران کے اجلاس سے مولانا محمد رمضان مینگل نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کو اطلاع کے دینے کے باوجود ان گستاخان صحابہ کیخلاف کارروائی نہ کرنا افسوس ناک ہے۔ صحابہ کرامؓ مقدس شخصیات ہیں، ان کیخلاف مسلمان کبھی بھی گستاخی برداشت نہیں کریں گے۔ بیان میں وزیراعلیٰ بلوچستان، کور کمانڈر، مشیر داخلہ، آئی جی ایف سی، آئی جی پولیس، سیکرٹری داخلہ اور ڈی آئی جی نصیر آباد سے فوری طور پر ان گستاخوں کیخلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔