سندھی اور بلوچ کے دلوں کا اٹوٹ رشتہ صدیوں سے قائم ہے سندھی یوم ثقافت کے موقع پر دنیا بھر میں بسنے والے سندھی اقوام کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، مرکزی ترجمان بی این پی عوامی
کوئٹہ: (الجزیرہ ویب ڈیسک) بلوچستان نیشنل پارٹی (عوامی) کے مرکزی ترجمان انور بلوچ نے جاری کردہ بیان میں کہا کہ یومِ ثقافتِ سندھ کے موقع پر دنیا بھر میں بسنے والے سندھی عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ پارٹی کے سربراہ نوابزادہ میر اسرار اللہ زہری، مرکزی سینئر نائب صدر ٹکری نظر محمد مینگل، مرکزی نائب صدر ڈاکٹر محمد مراد مینگل، مرکزی سیکریٹری جنرل سید اکبر شاہ، مرکزی قائدین حاجی محمد الوہاب موسیانی نوابزادہ میر ضیاءاللہ زہری ، میر محمد ادریس زہری ،صدام بلوچ ، خواتین سیکرٹری طاہرہ آخوند ، مرکزی سیکرٹری ماہی گیری میرعبدالرسول مینگل ، عبدالصمد زہری ، میر منیر احمد ساسولی ، میر عطاء اللہ زہری، وڈیرہ اشرف مری و دیگر مرکزی قائدین نے یومِ ثقافتِ سندھ کے موقع پر دنیا بھر میں بسنے والے سندھی عوام کو دلی مبارکباد پیش کی۔ اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ سندھی ثقافت نہ صرف پاکستان، بلکہ دنیا کی قدیم ترین اور شاندار تہذیبوں میں سے ایک ہے، جو اپنی روایات، امن پسندی، اور خوبصورتی کے باعث منفرد حیثیت رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھی ثقافت کی پہچان، اجرک اور ٹوپی، روایتی حسن اور ہم آہنگی کی علامت ہیں۔ یہ ثقافت ہزاروں سال پر محیط تاریخ کی گواہی دیتی ہے جس کی جڑیں موہن جو دڑو جیسے عظیم الشان تاریخی ورثے سے جڑی ہیں۔
اپنے بیان میں انہوں نے مزید کہا ہے کہ سندھ کی تہذیب محبت، رواداری، اور بھائی چارے کا درس دیتی ہے اور اس کی روحانی بنیاد صوفیاء کرام حضرت شاہ عبدالطیف بھٹائی، لعل شہباز قلندر، سچل سرمست، اور عبداللہ شاہ غازی کی تعلیمات سے ملتی ہے جو انسانیت اور اخوت کا پیغام دیتے ہیں۔
مرکزی بیان میں مزید کہا ہے کہ سندھ اور بلوچستان کے عوام کے درمیان صرف جغرافیائی نہیں بلکہ دلوں کا بھی رشتہ قائم ہے جو ہمیشہ قائم و دائم رہے گا۔ دونوں ثقافتیں امن، بھائی چارے، اور اتحاد کا پرچم بلند رکھتی ہیں۔ بی این پی عوامی اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ پاکستان کی تمام ثقافتوں کو مساوی اہمیت دے کر ان کے تحفظ و فروغ کو یقینی بنایا جائے تاکہ دنیا کے سامنے ثقافتوں کا حقیقی مثبت چہرہ اجاگر ہو۔
پارٹی کے بیان میں مزید کہا گیا کہ ثقافتیں سماجی ہم آہنگی اور اتحاد کے فروغ کا بہترین ذریعہ ہیں۔ سندھ کی ثقافت اپنی رنگا رنگی اور دلکشی کے ساتھ نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں محبت، بھائی چارے، اور انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
بی این پی عوامی سندھ اور بلوچستان کے عوام کے ساتھ اس دن کی خوشیوں میں شریک ہے اور تمام ثقافتوں کو احترام کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ ایسے مواقع پر تمام اکائیوں کو اپنی اپنی ثقافتوں پر فخر کرنے کا موقع دیا جانا چاہیے تاکہ ہم قومی یکجہتی کو فروغ دے سکیں۔