Ultimate magazine theme for WordPress.
Ads side
Ads side

بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز کی جانب سے ایم ڈی کیٹ کے نتائج کے غیر رسمی اجراء پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہیں۔ بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی

بلوچستان کے تعلیمی نظام میں ایسے کھوٹ پائے جاتے ہیں، جن کی وجہ سے آئے دن ایک غیر یقینی کی صورتحال برقرار رہتی ہے۔ اس صورتحال میں تعلیمی بہتری اور علمی نشوونما ایک ادھورا خواب بن کر رہ گئی ہے۔ بلوچستان میں تعلیمی نظام پر پہلے ہی کئی تحفظات موجود ہیں، وہیں اب بولان یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کی جانب سے جاری کردہ ایم ڈی کیٹ کے نتائج نے مزید تشویشناک صورتحال پیدا کر دی ہے۔ جس طریقے سے نتائج کا اجراء کیا گیا ہے، وہ ایک ناقابلِ یقین معمہ بن چکا ہے؛ جہاں ایک تھرڈ پارٹی کی جانب سے اس بڑے ادارے کے نتائج ایک سادہ سے پی ڈی ایف فارمیٹ میں شائع کر دیے گئے ہیں، جو کہ ادارے کی شفافیت پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔

بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز، بلوچستان کا واحد میڈیکل تعلیمی ادارہ ہے جس کے ماتحت بولان میڈیکل کالج سمیت دیگر تین میڈیکل ادارے کام کر رہے ہیں، اور ہر سال کئی سو طلبہ انٹری ٹیسٹ دینے کے بعد میڈیکل میں داخلہ لیتے ہیں۔ لیکن اس حالیہ واقعے نے ادارے کی شفافیت، میرٹ اور سالمیت کے حوالے سے طلبہ اور ان کے والدین میں شدید بے چینی پھیلا دی ہے۔ یہ ادارہ جہاں ایک طرف میرٹ پر سمجھوتہ نہ کرنے کی یقین دہانی کراتا ہے، وہیں دوسری طرف اس اتنے بڑے ادارے کے میڈیکل انٹری ٹیسٹ کے نتائج کا کسی تھرڈ پارٹی کے ذریعے محض ایک پی ڈی ایف فائل میں شائع ہونا انتہائی تشویشناک امر ہے۔ اگر اس غیر قانونی اور غیر رسمی عمل میں ادارہ خود ملوث ہے تو وہ مکمل طور پر جواب دہ ہے، اور اگر ادارے کا اس میں کوئی ہاتھ نہیں ہے، تب بھی وہ اس بات کا جواب دہ ہے کہ آخر اتنے بڑے ادارے کا نتیجہ کسی تھرڈ پارٹی کے ذریعے کیسے شائع ہوا؟

ادارے کا مسئلہ محض یہیں تک محدود نہیں ہے، بلکہ جس Key اور نتیجے کا اجراء کیا گیا ہے، اس پر بھی طلبہ کے شدید تحفظات سامنے آرہے ہیں۔ طلبہ کا مطالبہ ہے کہ “کی” کے ساتھ ٹیسٹ بکلٹ بھی شائع کی جائے تاکہ وہ اپنے جوابات کی تصدیق کر سکیں۔ تاہم ادارے کی جانب سے اس مطالبے پر کوئی عمل درآمد نہیں کیا گیا، اور اب نتائج کا اس طرح غیر رسمی اجراء صورتحال کو مزید پراگندہ کر رہا ہے۔ ہم بطور ایک ذمہ دار طلبہ تنظیم، طلبہ کے ساتھ کسی بھی قسم کی ناانصافی یا ناروا سلوک پر خاموش نہیں رہیں گے، بلکہ ان کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔ ہم یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز نتائج کے اس غیر قانونی اجراء پر اپنا موقف واضح کرے اور طلبہ کے جائز مطالبات کی فوری شنوائی کرے۔

بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی، کوئٹہ زون

آپ یہ بھی پسند کریں
اپنی رائے دیں

Your email address will not be published.