پولیس کے مطابق تربت سے اغوا ہونے والے 6 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں، واقعہ کی اطلاع ملنے پر مقامی انتظامیہ نے موقع پر پہنچ کر میتوں کو ہسپتال منتقل کردیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ لاشوں کو گولیاں ماری گئی تھیں، پولیس کی جانب سے واقعہ کی تحقیقات اور لاشوں کی شناخت کی جا رہی ہے۔
پنجاب سے تعلق رکھنے والے مقتولین میں بہاولپور کے تین رہائشی محمد تیمور ولد محمد رفیق، محمد وزیر ولد محمد رمضان اور محمد پرویز ولد بشیر احمد کے علاوہ ضلع لودھراں کی تحصیل دنیا پور کے رہائشی محمد ارشد ولد محمد رفیق شامل ہیں۔
جبکہ خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے مقتولین میں بونیر کے امجد خان ولد زری بان شاہ اور صوابی کے یحییٰ ولد نوروز خان شامل ہیں۔
بلوچستان کے معاون برائے محکمہ داخلہ بابر یوسفزئی نے کہا ہے کہ تربت سے ملنے والی لاشیں اغوا ہونے والے چھ مزدوروں کی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ شہید کیے جانے والے مزدوروں میں سے چار کا تعلق پنجاب اور دو کا تعلق خیبر پختونخوا سے ہے، 7مزدوروں کو دہشت گردوں نے دو روز قبل تربت کے علاقے کلاتک سے اغوا کیا تھا

