اسلام آباد /کوئٹہ(آن لائن:الجزیرہ ویب ڈیسک)وزارت داخلہ نے سیلاب کی ہنگامی صورتحال پر متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کی تعیناتی کی منظوری دے دی۔وزارت داخلہ کے مطابق سول حکومت کی مدد کیلئے چاروں صوبوں میں پاک فوج تعینات کرنے کی منظوری دی گئی ہے
اور آرٹیکل 245 کے تحت فوج تعیناتی کی سمری وفاقی کابینہ کوحتمی منظوری کیلئے بھجوادی ہے۔وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ چاروں صوبائی حکومتوں نیسیلاب متاثرہ علاقوں میں فوج تعینات کرنیکی ریکوزیشن بھجوائی، ریلیف اینڈ ریسکیو آپریشنزمیں مدد کیلئے پاک افواج کی تعیناتی کی جارہی ہے
پاک افواج کو چاروں صوبوں کے سیلاب سے آفت زدہ علاقوں میں تعینات کیا جارہا ہے۔وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ کے مطابق حکومت پنجاب نیڈی جی خان میں سیلاب متاثرہ علاقوں اور خیبرپختونخوا حکومت نے ڈی آئی خان میں فوج تعیناتی کی ریکوزیشن کی ہے جبکہ حکومت بلوچستان نے نصیرآباد، جھل مگسی، صحبت پور، جعفرآباد اورلسبیلہ میں فوج کی تعیناتی کیلئے ریکوزیشن کی ہے۔وزیر داخلہ کا کہنا تھاکہ سندھ حکومت نے سیلابی علاقوں کیلئے فوج تعینات کرنے کی ریکوزیشن بھیجی ہے۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھاکہ کنٹرول روم سے سیلاب کی صورتحال کو مسلسل مانیٹر کیا جارہاہے، سیلاب سے متاثرہ لوگوں کسی صورت اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔خیال رہے کہ ملک بھر میں مون سون بارشوں کے بعد سیلابی ریلوں نے تباہی مچا دی ہے اور ملک کے چاروں صوبے اس وقت بدترین سیلابی ریلوں کی زد میں ہیں۔ملک میں سیلابی ریلوں اور دیگر واقعات میں 900 سے زائد افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔