سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ایف سی بلوچستان کا سول انتظامیہ کے ساتھ مل کر ریلیف اور ریسکیو کی امدادی کارروائیاں جاری
بلوچستان میں کوئٹہ، سوئی، سبی، کوہلو میں موسلادھار بارشوں کے نتیجے میں سیلاب آئے اور لوگوں کا وسیع پیمانے پر جانی ومالی نقصان ہوا۔ اس سلسلے میں ایف سی بلوچستان کے پی ڈی ایم اےاور سول انتظامیہ کے ہمراہ ریسکیو اور ریلیف آپریشنز جاری ہیں۔ کوہلو میں سیلاب زدگان کی سہولت کے لیے ایف سی اور سول انتظامیہ کے مشترکہ اشتراک سے 4 عدد ریلیف کیمپس قائم کیے گئے ہیں۔ ان کیمپس میں سیلاب سے متاثرہ لوگوں کیلئے کھانے پینے کے ساتھ دیگر سہولیات مہیا کی جارہی ہیں۔
ڈیرہ بگٹی کے علاقے سنگسیلا اور مسلم باغ کے علاقے اورگاس کلی میں فری میڈیکل کیمپس کا انعقاد کیا گیا۔ ان کیمپس میں 230 سے زائد مریضوں کا مفت طبی معائنہ کیا گیا اور لوگوں کو فری ادویات دی گئی۔ سبی کی تحصیل لہڑی اور دور افتادہ علاقوں سلطان کوٹ ٹلی، رضا مچھی، چندیا، قیصر، ملغشکوری میں 652 خاندانوں میں مفت راشن تقسیم کیا گیا اور سیلاب متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کرکے سینکڑوں افراد میں تیار شدہ کھانا تقسیم کیا گیا۔
ذرائع آمدورفت کی جلد بحالی کے لیے سول انتظامیہ اور ایف سی کی کاوشیں جاری ہیں۔ پاک فوج اور ایف سی سیلاب میں پھنسے لوگوں کے ریسکیو اور ریلیف کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے سول انتظامیہ کی بھرپور مدد جاری رکھے ہوئے ہیں۔