موجودہ حکومت کہتی تھی عمران خان سے معیشت نہیں سنبھل رہی، کہتے تھے ہمیں موقع ملا تو معیشت ٹھیک کر دیں گے، سابق وزیر
روات (این این آئی: الجزیرہ ویب ڈیسک)پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ آج پارٹی پہلے سے کہیں زیادہ منظم، پختہ اور مقبول ہے۔جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں مت گھبرا میں جھکنے والا نہیں، سازش کرکے عمران خان کو آپ سے دور کرنے کی کوشش کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کہتی تھی عمران خان سے معیشت نہیں سنبھل رہی، کہتے تھے ہمیں موقع ملا تو معیشت ٹھیک کر دیں گے۔رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ سنا ہے پیٹرول کی عالمی قیمت نیچے آ گئی ہے، قیمت نیچے آ گئی کیا عوام کو اس کا فائدہ ہوا؟ انہوں نے کہاکہ راولپنڈی کے لوگوں سے پوچھتا ہوں کیا گیس ہے؟ چولہا جلاتے ہو تو کیا نکلتا ہے؟ کہتے ہیں چولھا جلاتے ہیں تو شیر کی دھاڑ نکلتی ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دو نرالے جڑے ہیں، ایک نہلا اور ایک نہلے پر دہلا ہے، ایک وہ جو کہتا تھا پیٹ چاک کرکے لوٹی ہوئی دولت واپس لاں گا۔انہوں نے کہاکہ دولت تو واپس نہیں آئی کابینہ میں ان کو واپس لے آیا، پھر دوسرے صاحب کہتے مجھ پر تہمت لگی برطانیہ کی عدالت میں گھسیٹوں گا۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف ہم اپنی بات پر کھڑے ہیں آئیں اور جواب شکوہ جمع کرائیں۔