Ultimate magazine theme for WordPress.
Ads side
Ads side

بلوچستان میں کم عمری کی شادی اور گھریلو تشدد کی تلخ حقیقت

تحریر: محمد یوسف رئیسانی

ایک عورت کی زندگی کا فیصلہ کون کرے گا؟ اس کے والدین، شوہر، خاندان، قبائلی روایات یا وہ خود؟

یہ سوال بلوچستان کے ان علاقوں میں آج بھی اہمیت رکھتا ہے جہاں خواتین کی تعلیم، شادی، نقل و حرکت اور زندگی کے بنیادی فیصلوں پر اکثر خاندان اور معاشرتی روایات کا اثر غالب رہتا ہے۔

معاشرے میں عورت کی عزت اور غیرت کے نام پر بڑے بڑے دعوے کیے جاتے ہیں، لیکن سوال یہ ہے کہ کیا اسی عورت کو تعلیم حاصل کرنے، اپنی مرضی سے زندگی گزارنے، کم عمری کی شادی سے انکار کرنے اور تشدد کے خلاف آواز اٹھانے کا حق بھی حاصل ہے؟

بلوچستان کے دیہی علاقوں میں خواتین کو درپیش مسائل محض انفرادی گھریلو معاملات نہیں بلکہ تعلیم، معاشی خودمختاری، سماجی رویوں اور قانونی تحفظ سے جڑے ہوئے اہم انسانی حقوق کے مسائل ہیں،

کم عمری کی شادی لڑکیوں کے مستقبل پر گہرے اثرات مرتب کرتی ہے۔ ایک ایسی عمر میں جب لڑکی کو اسکول میں ہونا چاہیے، اپنی تعلیم مکمل کرنی چاہیے اور مستقبل کے خواب دیکھنے چاہییں، اسے ازدواجی زندگی اور گھریلو ذمہ داریوں کے حوالے کر دیا جاتا ہے، اس کے نتیجے میں تعلیم کا سلسلہ منقطع ہونے، کم عمری میں حمل، صحت کے مسائل، معاشی انحصار اور گھریلو تشدد کے خطرات بڑھ سکتے ہیں۔

یونیسیف کی رپورٹ The State of Children in Pakistan 2024 کے مطابق بلوچستان میں 15 سے 17 سال کی عمر کے بچوں میں شادی شدہ، طلاق یافتہ، بیوہ یا علیحدہ رہنے والوں کی مجموعی شرح 12 فیصد تھی، جبکہ لڑکیوں میں یہ شرح 16.5 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ یہ اعدادوشمار صوبے کی صورتحال کی نشاندہی کرتے ہیں،

قانون تو موجود ہیں، لیکن سوال یہ ہے کہ اس پر عملدرآمد کون کروائے گا؟

بلوچستان میں کم عمری کی شادی روکنے کے لیے ایک اہم قانونی پیش رفت بلوچستان چائلڈ میرجز ریسٹرینٹ ایکٹ 2025 ہے، جسے 14 نومبر 2025 کو صوبائی اسمبلی نے منظور کیا اور 18 نومبر 2025 کو قانون کی صورت میں شائع کیا گیا۔

اس قانون کے تحت 18 سال سے کم عمر فرد کی شادی ممنوع ہے۔ کم عمر شادی کرنے والے بالغ مرد اور ایسی شادی کروانے، منعقد کرنے یا اس کی معاونت کرنے والوں کے لیے دو سے تین سال تک سخت قید اور ایک لاکھ سے دو لاکھ روپے تک جرمانے کی سزا مقرر کی گئی ہے۔ نکاح خواں، نکاح رجسٹرار اور یونین کونسل سیکریٹری کے لیے بھی فریقین کی شناختی دستاویزات کی تصدیق لازمی قرار دی گئی ہے۔

لیکن بنیادی سوال یہ ہے کہ کیا دیہی علاقوں میں اس قانون کے بارے میں عوام کو آگاہی حاصل ہے؟ کیا نکاح رجسٹرار عمر کی تصدیق کرتے ہیں؟ اور اگر کسی بچی کی کم عمری میں شادی کی کوشش ہو تو اسے روکنے کے لیے فوری کارروائی کا مؤثر نظام موجود ہے؟

گھریلو تشدد: چار دیواری کے پیچھے چھپی حقیقت

گھریلو تشدد صرف جسمانی مارپیٹ کا نام نہیں۔ عورت کو مسلسل ذہنی اذیت دینا، دھمکیاں دینا، اس کی نقل و حرکت محدود کرنا، مالی وسائل سے محروم رکھنا اور اسے بنیادی ضروریات سے محروم کرنا بھی تشدد کی مختلف صورتیں ہیں۔

بلوچستان ڈومیسٹک وائلنس (پریوینشن اینڈ پروٹیکشن) ایکٹ 2014 میں جسمانی، جنسی، نفسیاتی اور معاشی تشدد سمیت مختلف رویوں کو گھریلو تشدد کے دائرے میں شامل کیا گیا ہے۔ قانون متاثرہ افراد کے لیے عدالتی تحفظ، رہائش کے تحفظ اور مالی امداد جیسے اقدامات کی گنجائش بھی فراہم کرتا ہے۔

اس کے باوجود دیہی علاقوں میں سماجی دباؤ، خاندان کی بدنامی کا خوف، معاشی مجبوری اور قانونی طریقہ کار سے لاعلمی خواتین کو خاموش رہنے پر مجبور کر سکتی ہے۔

بعض اوقات عورت اپنے ساتھ ہونے والی زیادتی کے خلاف اس لیے بھی آواز نہیں اٹھاتی کہ اسے معلوم ہوتا ہے کہ شکایت کے بعد اسے اپنے ہی خاندان اور معاشرے کی مخالفت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

قبائلی روایات اور عورت کا حقِ انتخاب

بلوچستان کے قبائلی معاشرے میں روایات اور خاندانی اقدار کو اہم مقام حاصل ہے، لیکن جب یہی روایات کسی لڑکی کی تعلیم، مرضی، شادی اور بنیادی انسانی حقوق کی راہ میں رکاوٹ بن جائیں تو ان پر سوال اٹھانا ضروری ہو جاتا ہے۔

عورت کو خاندان کی عزت کا نام دے کر اس کی اپنی شناخت، خواہشات اور فیصلوں کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا، کسی بھی معاشرے کی ترقی کا اندازہ صرف اس کی عمارتوں، سڑکوں اور معاشی سرگرمیوں سے نہیں بلکہ اس بات سے بھی لگایا جاتا ہے کہ وہاں خواتین اور بچوں کو کتنے محفوظ اور بااختیار حقوق حاصل ہیں۔

اصل سوال یہ ہے کہ قانون سے انصاف تک کا سفر کب مکمل ہوگا؟

بلوچستان کے دیہی علاقوں میں خواتین کے مسائل کو سمجھنے کے لیے ضروری ہے کہ متاثرہ خواتین کی آواز کو سامنے لایا جائے۔ مقامی اسکولوں میں لڑکیوں کے داخلے اور تعلیم چھوڑنے کی وجوہات کا جائزہ لیا جائے، کم عمری کی شادی کے واقعات اور ان کے خلاف قانونی کارروائی کا ریکارڈ حاصل کیا جائے، جبکہ پولیس، محکمہ سماجی بہبود، محکمہ تعلیم، خواتین کے حقوق کے اداروں اور قانونی ماہرین سے بھی مؤقف لیا جائے اور حکومت کو چاہیے کہ دیہی علاقوں میں کم عمری کی شادی اور گھریلو تشدد کے خلاف آگاہی مہم چلائے، نکاح رجسٹراروں کی تربیت اور نگرانی یقینی بنائے، خواتین کے لیے شکایت درج کرانے کے محفوظ ذرائع فراہم کرے اور متاثرہ خواتین کو قانونی، طبی اور نفسیاتی مدد تک رسائی دے۔

عورت کو تحفظ دینے کا مطلب اسے چار دیواری میں قید کرنا نہیں، بلکہ اسے خوف، تشدد، جبر اور امتیاز سے آزاد زندگی گزارنے کا حق دینا ہے ایک باشعور معاشرہ وہ نہیں جہاں عورت خاموش رہے، بلکہ وہ ہے جہاں عورت کو اپنی بات کہنے، تعلیم حاصل کرنے، اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے اور ناانصافی کے خلاف آواز اٹھانے کی آزادی حاصل ہو، کیونکہ عورت کی خاموشی معاشرتی امن کی علامت نہیں، اور اس کی خودمختاری معاشرے کے لیے خطرہ نہیں بلکہ ایک بہتر مستقبل کی بنیاد ہے۔

آپ یہ بھی پسند کریں
اپنی رائے دیں

Your email address will not be published.