عمران دعا کر رہاہے ملک ڈیفالٹ کر جائے،کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دیں گے،کابینہ اجلاس سے خطاب
اسلام آباد وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران نیازی فاشسٹ ڈکٹیٹر ہے، دعا کر رہاہے ملک ڈیفالٹ کر جائے،کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دیں گے۔جمعہ کو وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہواجس میں ای سی سی کے فیصلوں کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں اراکین نے 9مئی کو عمران خان کی گرفتاری کے بعد پیش آنے والی صورتحال پر تحفظات کا اظہار کیا۔کابینہ اراکین نے کہا کہ دیکھنا ہوگا کہ تحریک انصاف نے کس کے کہنے پر پر تشدد کارروائیاں کیں، فوجی املاک کو نقصان پہنچایا گیا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ریاست پرحملہ کیا جو ناقابل برداشت ہے۔وزیر اعظم شہباز شریف نے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو قانون اپنے ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔وزیر اعظم نے کہا کہ ملک مشکل حالات سے گزر رہا ہے، ورثے میں ملنے والے حالات پر قابو پانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ سیلاب، مہنگائی اور کساد بازاری کے طوفان نے مشکلات سے دو چار کیا، عمران خان اور ان کے حواری مسلسل جھوٹ بولتے رہے ہیں۔