Ultimate magazine theme for WordPress.
Ads side
Ads side

یومِ آزادی: میر سکندر عمرانی کا قومی اتحاد اور ملکی ترقی کے عزم پر زور

کوئٹہ: سابق صوبائی وزیر میر سکندر علی خان عمرانی نے یومِ آزادی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ہمارے بزرگوں کی طویل جدوجہد، بے شمار قربانیوں اور شہداء کی لازوال جدوجہد کا ثمر ہے، اس وطن کی سلامتی اور ترقی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مضبوطی اور خوشحالی کے لیے ضروری ہے کہ ہم ذاتی مفادات اور سیاسی و گروہی اختلافات سے بالاتر ہو کر قومی مفاد کو ترجیح دیں۔ موجودہ حالات میں اتحاد، برداشت اور باہمی احترام کو فروغ دے کر ہی ملک کو درپیش چیلنجز پر قابو پایا جا سکتا ہے۔

میر سکندر علی خان عمرانی نے کہا کہ بلوچستان اور ملک کے دیگر پسماندہ علاقوں کو ترقی کے یکساں مواقع فراہم کیے بغیر حقیقی معنوں میں قومی ترقی ممکن نہیں۔ حکومت کو چاہیے کہ عوام کو تعلیم، صحت، روزگار، صاف پانی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی کے لیے جمہوری اداروں کا استحکام، قانون کی بالادستی، میرٹ اور شفاف حکمرانی ناگزیر ہے۔ عوامی مسائل کے حل اور قومی معیشت کی بہتری کے لیے حکومت اور سیاسی قیادت کو عملی اور مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے۔

انہوں نے نوجوانوں کو ملک کا قیمتی سرمایہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو جدید تعلیم، فنی تربیت اور روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ وہ ملکی ترقی میں بھرپور کردار ادا کر سکیں۔

سابق صوبائی وزیر نے وطن کے دفاع اور امن و امان کے قیام کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پاک افواج، پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔

میر سکندر علی خان عمرانی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ یومِ آزادی ہمیں ایک ایسے پاکستان کی تعمیر کے لیے نئے عزم کے ساتھ آگے بڑھنے کا موقع فراہم کرتا ہے جو مضبوط، پرامن، خوشحال اور ترقی یافتہ ہو۔

آپ یہ بھی پسند کریں
اپنی رائے دیں

Your email address will not be published.