جناح پیپلز میٹرو ٹرین سروس سے عوام کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی کی جانب اہم پیش رفت ہے، نوابزادہ امیر حمزہ زہری
صوبائی مشیر بلدیات و دیہی ترقی نوابزادہ امیر حمزہ خان زہری نے جناح پیپلز میٹرو ٹرین سروس کے آغاز کو کوئٹہ کے شہریوں کے لیے اہم اقدام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے ایک اور وعدہ مختصر مدت میں پورا کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی خصوصی دلچسپی اور محکمہ ریلوے کی کاوشوں سے جناح پیپلز میٹرو ٹرین سروس صرف چار ماہ کی مدت میں مکمل ہوئی، جو عوام کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی کی جانب اہم پیش رفت ہے۔ صوبائی مشیر بلدیات نوابزادہ امیر حمزہ زہری کا کہنا تھا کہ حکومت بلوچستان عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ترقیاتی منصوبوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، جبکہ جناح پیپلز ٹرین کا آغاز بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت کے دور میں بلوچستان کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ نئی ٹرین سروس سے شہریوں کو آمدورفت میں سہولت ملے گی، جبکہ عوام کے وقت اور سفری اخراجات میں بھی کمی آنے کی توقع ہے۔

