جتک جرگہ کونسل پاکستان کے مرکزی صدر حاجی میر لعل محمد جتک کا اہم بیان
جتک جرگہ کونسل پاکستان کے مرکزی صدر حاجی میر لعل محمد جتک کا اہم بیان
جتک جرگہ کونسل پاکستان کے مرکزی صدر حاجی میر لعل محمد جتک نے جتک قوم کے ساتھ پیش آنے والے حالیہ افسوسناک واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پوری جتک برادری، قبائلی عمائدین، سرداران، معززین، سیاسی و سماجی شخصیات اور نوجوانوں سے پُرزور اپیل کی ہے کہ وہ ذاتی اختلافات، علاقائی تقسیم اور گروہی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر اتحاد، اتفاق اور یکجہتی کا مظاہرہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ عرصے میں جتک قوم کے افراد مختلف وجوہات کی بنا پر اپنی جانوں سے محروم ہوئے ہیں۔ کہیں رشتہ داری کے تنازعات، کہیں ذاتی دشمنیوں، کہیں زمینی اختلافات اور کہیں دیگر وجوہات کی بنا پر ہماری قوم کے افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ یہ صورتحال پوری قوم کے لیے لمحۂ فکریہ ہے اور اب خاموش رہنے کا وقت نہیں رہا۔
حاجی میر لعل محمد جتک نے اعلان کیا کہ جتک قوم کے اتحاد اور مستقبل کے تحفظ کے لیے جتک عماہدن کے مشاوارات سے جلد ایک آل جتک جرگہ منعقد کیا جائے ، جس میں سندھ اور بلوچستان سے تعلق رکھنے والے جتک قبیلے کے تمام سرداران، معتبرین، سیاسی و سماجی شخصیات، علماء کرام، نوجوانوں اور عمائدین کو مدعو کیا جائے ، تاکہ باہمی مشاورت سے ایسا متفقہ اور دیرپا فیصلہ کیا جا سکے جس سے مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات کی مؤثر روک تھام ممکن ہو۔
انہوں نے واضح الفاظ میں کہا:
“جتک قوم کا کوئی بھی فرد، خاندان یا شخصیت اگر کسی بھی وقت اور کسی بھی مقام پر جرگہ منعقد کرنا چاہے تو میں، حاجی میر لعل محمد جتک، ہر وقت اس کے لیے حاضر اور تیار ہوں۔ میری اولین ترجیح جتک قوم کے درمیان امن، بھائی چارہ، انصاف اور باہمی اتفاق کو فروغ دینا ہے۔ جہاں بھی ضرورت پڑی، میں خود جرگے میں شریک ہو کر مسئلے کے حل کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کروں گا۔ جتک جرگہ کونسل پاکستان اپنی ذمہ داریوں سے کبھی پیچھے نہیں ہٹے گی بلکہ قوم کے ہر فرد کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔”
انہوں نے مزید کہا کہ بعض حلقوں کی جانب سے یہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ جتک جرگہ کونسل پاکستان خاموش ہے یا اپنا کردار ادا نہیں کر رہی، حالانکہ حقیقت اس کے برعکس ہے۔ جتک جرگہ کونسل پاکستان مسلسل قوم کے مسائل پر نظر رکھے ہوئے ہے اور ایسے مؤثر اقدامات کر رہی ہے جن سے مستقل اور پائیدار نتائج حاصل ہوں اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو۔
آخر میں حاجی میر لعل محمد جتک نے پوری جتک برادری سے اپیل کی کہ وہ اختلافات کو پسِ پشت ڈال کر ایک پلیٹ فارم پر متحد ہو جائیں، کیونکہ متحد، منظم اور باہم متفق قوم ہی اپنے حقوق کا مؤثر تحفظ کر سکتی ہے اور اپنی آنے والی نسلوں کے لیے امن، بھائی چارے اور عزت و وقار کی مضبوط بنیاد رکھ سکتی ہے

