پاکستان بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے حق خود ارادیت کے لیے اپنی غیر متزلزل اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا،شہباز شریف
اسلام آباد(سی ایم ایل: الجزیرہ ویب ڈیسک)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے حق خود ارادیت کے لیے اپنی غیر متزلزل اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔
حق خود ارادیت کے دن کے موقع پر وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان محمد شہباز شریف نے اپنیپیغام میں کہا کہ پانچ جنوری کا دن ہر سال جموں و کشمیر کے عوام کے یوم حق خود ارادیت کے طور پر منایا جاتا ہے۔
آج کے دن 1949 میں اقوام متحدہ کے کمیشن برائے ہندوستان اور پاکستان نے ایک قرارداد منظور کی جو جموں و کشمیر میں آزادانہ اور منصفانہ استصواب رائے کی ضمانت دیتی ہے، تاکہ کشمیری عوام اپنے حق خودارادیت کا استعمال کر سکیں.حق خود ارادیت بین الاقوامی قانون کا بنیادی اصول ہے جسے بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں کی طرف سے تسلیم کیا جاتا ہے۔ ہر سال اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی ایک قرارداد منظور کرتی ہے جو لوگوں کو اپنی تقدیر خود طے کرنے کے قانونی حق کی نشاندہی کرتی ہے.
وزیراعظم نے کہا کہ یہ ایک افسوسناک امر ہے کہ بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام پچھلے (74) سالوں میں اس حق کا استعمال نہیں کر سکے۔ بھارتی حکومت نے نہ صرف کشمیریوں کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت سے انکار کیا ہے بلکہ اس نے بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر میں خوف کا ماحول پیدا کر دیا ہے.
5 اگست 2019 کے بھارت کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات سے کشمیریوں پر جبر کے ایک نئے باب کا اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ دن منانے کا مقصد مظلوم کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کے حوالے سے عالمی برادری کو اس کی ذمہ داری یاد دلانا ہے۔اقوام متحدہ کو ان وعدوں پر عمل درآمد کرنا چاہیے جو اس نے 74 سال قبل کیے تھے تاکہ کشمیری عوام اپنا جائز حق خود ارادیت حاصل کر سکیں.
وزیراعظم نے کہا کہ اس دن میں پاکستان کی حکومت کے اس عزم کو دہراتا ہوں کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے حق خود ارادیت کے لیے اپنی غیر متزلزل اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔