بارکھان: سابق صوبائی وزیر اور رکن بلوچستان اسمبلی سردار عبدالرحمان کھیتران کے گارڈ کی گرفتاری کے بعد پولیس کارروائیوں میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار گارڈ کی مبینہ نشاندہی پر دو روز قبل بغاؤ میں سردار عبدالرحمان کھیتران کے گھر پر چھاپہ مارا گیا، جہاں سے ایک لڑکی اور ایک لڑکے کی لاشیں برآمد ہوئی تھیں۔
پولیس کے مطابق لڑکی اور لڑکے کی ہلاکت کے مقدمے میں سردار عبدالرحمان کھیتران کو مرکزی ملزم نامزد کیا گیا ہے، جبکہ ان کے دو بیٹوں سلام شاہ اور رؤف شاہ کے نام بھی مقدمے میں شامل کیے گئے ہیں۔
دوسری جانب گزشتہ روز حاجی کوٹ میں سردار عبدالرحمان کھیتران کے ایک اور گھر پر پولیس نے چھاپہ مارا، جہاں کارروائی کے دوران مزید ایک لاش برآمد ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق بارکھان کے دو مختلف مقامات پر کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر تین لاشیں برآمد ہوئی ہیں، جبکہ واقعے کے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔
