نوجوان پہاڑوں کا راستہ ترک کرکے تعلیم اور جمہوری جدوجہد کا راستہ اپنائیں، ضیاء لانگو
کوئٹہ: صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا ہے کہ نوجوان پہاڑوں کا راستہ ترک کرکے تعلیم، ٹیکنالوجی اور سیاست کے میدان میں اپنی صلاحیتیں بروئے کار لائیں اور ملک و قوم کی خدمت کریں۔
انہوں نے کہا کہ 14 اگست ہر قوم کے لیے اہم دن ہے، بلوچستان اور کوئٹہ کے عوام بھی جشن آزادی جوش و جذبے سے منا رہے ہیں۔ یوم آزادی کے موقع پر عوام کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی گئی ہے۔
ضیاء لانگو نے کہا کہ جو نوجوان دشمن کے ورغلانے پر پہاڑوں پر جا رہے ہیں، انہیں یہ راستہ ترک کرنا ہوگا۔ حقوق کے حصول کا بہترین طریقہ جمہوری جدوجہد ہے، نوجوان پارلیمنٹ میں اپنا کردار ادا کرکے بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی میں حصہ ڈالیں۔
صوبائی وزیر داخلہ نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعاون کو خطے میں امن اور استحکام کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ مضبوط اتحاد کسی بھی ملک کو میلی آنکھ سے دیکھنے کی اجازت نہیں دے گا۔

