کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سیکیورٹی ڈرل کے باعث کوئٹہ شہر کی مختلف اہم شاہراہوں کی بندش کا سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری اقدامات کی ہدایت جاری کر دی۔
وزیراعلیٰ کی ہدایت پر شہر کی متعدد اہم شاہراہیں ٹریفک کے لیے دوبارہ کھول دی گئیں، جبکہ متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی کہ سیکیورٹی انتظامات کے ساتھ ساتھ شہریوں کی آمدورفت میں غیر ضروری رکاوٹ پیدا نہ ہونے دی جائے۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ شہریوں کی سہولت حکومت کی اولین ترجیح ہے اور عوام کو بلاوجہ مشکلات کا سامنا نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ آئندہ سیکیورٹی اقدامات کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے مؤثر اور مربوط حکمت عملی اختیار کی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیکیورٹی تقاضوں اور عوامی سہولت کے درمیان توازن برقرار رکھنا ناگزیر ہے تاکہ شہریوں کی روزمرہ زندگی کم سے کم متاثر ہو اور شہر میں معمولات زندگی بلا تعطل جاری رہیں۔

