Ultimate magazine theme for WordPress.
Ads side
Ads side

سانحہ پمز پر وزیراعظم کا بڑا ایکشن، ایگزیکٹو ڈائریکٹر سمیت 8 افراد معطل، فوجداری کارروائی کا حکم

اسلام آباد: پمز سانحہ، ایگزیکٹو ڈائریکٹر سمیت 8 افراد معطل، فوجداری کارروائی کا حکم

وزیراعظم شہباز شریف نے پمز سانحے پر اسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر عمران سکندر سمیت 8 افراد کو فوری معطل کرنے اور ان کے خلاف محکمانہ و فوجداری کارروائی کی منظوری دے دی۔

وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم کی زیرصدارت پمز واقعے سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں تحقیقاتی کمیٹی کی عبوری رپورٹ پیش کی گئی۔

رپورٹ کی نشاندہی پر وزیراعظم نے ذمہ دار قرار دیے گئے 8 افراد کو فوری معطل کرنے کی منظوری دی۔ معطل افراد میں پمز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر عمران سکندر، جوائنٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹرز ڈاکٹر مطاہر شاہ اور ڈاکٹر اویس علی شاہ، ڈاکٹر نوشیلہ امجد، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سکیورٹی محمد عثمان، سی ڈی اے ایمرجنسی سروسز کے ڈی جی عبدالرحمان، نیونیٹل ڈیپارٹمنٹ کی سربراہ ڈاکٹر سعدیہ ریاض اور ایک سینئر رجسٹرار شامل ہیں۔

اعلامیے کے مطابق سکیورٹی پر مامور کمپنی اور متعلقہ عہدیداران کے خلاف بھی کارروائی کی منظوری دی گئی ہے، جبکہ متاثرہ وارڈ میں موجود ایک نرس اور خاتون سکیورٹی گارڈ کو او ایس ڈی بنا کر مزید تحقیقات کی ہدایت کی گئی ہے۔

وزیراعظم نے تمام ذمہ داران کے خلاف بلاامتیاز محکمانہ اور فوجداری کارروائی کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مجرمانہ غفلت کے مرتکب افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

وزیراعظم نے ڈاکٹر محمد سلمان کو پمز کا قائم مقام ایگزیکٹو ڈائریکٹر تعینات کرنے اور ہٹائے گئے افسران کی جگہ نئے افراد کی فوری تعیناتی کی ہدایت بھی کی۔

ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ میں اہم انکشافات

تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق پمز میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تفصیلی ایس او پیز اور مناسب ٹریننگ موجود نہیں تھی۔ اسپتال کے 13 ایس او پیز میں صرف 2 ذیلی سیکشنز میں آگ یا ہنگامی صورتحال کا ذکر موجود تھا۔

رپورٹ کے مطابق واقعے کے وقت سپروائزری اسٹاف ڈیوٹی پر موجود نہیں تھا۔ وارڈ میں دو نرسیں، ایک خاتون گارڈ اور ہاؤس آفیسر موجود تھے۔ آگ لگنے کے بعد صرف دو منٹ میں پورا وارڈ لپیٹ میں آگیا، جبکہ ایمرجنسی سروسز کو واقعے کے 6 منٹ بعد کال کی گئی اور پہلا ایمرجنسی ریسپانس 15 منٹ بعد پہنچا۔

ایک نرس نے آگ پھیلنے سے قبل ایک بچے کی جان بھی بچائی، جس پر وزیراعظم نے نرس کے لیے ستارۂ خدمت دینے کی منظوری دے دی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ معصوم بچوں کی موت ایک اندوہناک سانحہ ہے، ذمہ داران کو مثالی سزا دلوائی جائے گی اور مجرمانہ غفلت کے مرتکب افراد کو کسی صورت رعایت نہیں دی جائے گی۔

آپ یہ بھی پسند کریں
اپنی رائے دیں

Your email address will not be published.