آسٹریلوی سائنس دانوں نے قدرتی آفات اور ہنگامی حالات میں پھنسے افراد تک ادویات پہنچانے کے لیے خصوصی سائبرگ کاکروچز تیار کرلیے ہیں، جنہیں دور سے کنٹرول کیا جاسکتا ہے۔
محققین کے مطابق ان کاکروچز کو Paraborgs کا نام دیا گیا ہے۔ انہیں خصوصی کیمروں اور انجیکشن آلات سے لیس کیا گیا ہے، جبکہ اعصابی نظام میں الیکٹروڈز نصب کرکے انہیں ریموٹ کنٹرول کے ذریعے مطلوبہ سمت میں حرکت دی جاسکتی ہے۔
سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ یہ کاکروچز تنگ اور دشوار گزار راستوں سے گزرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، جس کے باعث زلزلوں یا عمارتیں منہدم ہونے جیسے واقعات میں ملبے تلے پھنسے افراد تک ادویات پہنچانے میں مددگار ثابت ہوسکتے ہیں۔
تجربات کے دوران ادویات پہنچانے میں کامیابی کی شرح 72 فیصد ریکارڈ کی گئی، جبکہ قریبی فاصلے پر یہ شرح 95 فیصد تک رہی۔
محققین کے مطابق مستقبل میں اس ٹیکنالوجی کو زلزلوں، عمارتوں کے ملبے اور سانپ کے کاٹنے سمیت مختلف ہنگامی حالات میں انسانی جانیں بچانے کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔