Ultimate magazine theme for WordPress.
Ads side
Ads side

سابق جنرل منیجر ہائیڈل واپڈا چوہدری فضل احمد انتقال کر گئے

واپڈا ٹاؤن لاہور میں تدفین، نمازِ جنازہ میں سیاسی، سماجی اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات کی شرکت

لاہور: ڈائریکٹر میڈیا، ورکرز ویلفیئر فنڈ، وزارتِ سمندر پار پاکستانیز و ترقیِ انسانی وسائل، چوہدری ضمیر اشرف کے سسر اور واپڈا کے سابق جنرل منیجر ہائیڈل چوہدری فضل احمد انتقال کر گئے۔ مرحوم کو واپڈا ٹاؤن لاہور کے قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔ ان کی نمازِ جنازہ میں سیاسی و سماجی شخصیات، واپڈا کے اعلیٰ حکام، انجینئرنگ کے شعبے سے وابستہ ممتاز افراد اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

چوہدری فضل احمد کی وفات سے ایک ایسی شخصیت ہم سے جدا ہو گئی جس نے اپنی 2012- 1969 پیشہ ورانہ زندگی قومی خدمت، فنی مہارت، دیانت داری اور عزم و استقلال کے ساتھ گزاری۔ مرحوم نے بطور چیف انجینئر منگلا ڈیم، وارسک ڈیم،گوجرانولہ ،گجرات اور سعودی عرب میں اہم ذمہ داریاں نبھائیں اور اپنی فنی صلاحیتوں، پیشہ ورانہ بصیرت اور قائدانہ کردار کے ذریعے ایسے اہم منصوبوں کی تکمیل میں نمایاں خدمات انجام دیں جنہیں ملکی سطح پر بھرپور پذیرائی اور خراجِ تحسین حاصل ہوا۔

مرحوم چوہدری فضل احمد کا شمار ان تجربہ کار اور قابل انجینئرز میں ہوتا تھا جنہوں نے اپنی صلاحیتوں کو محض ایک پیشے تک محدود نہیں رکھا بلکہ قومی ترقی، آبی وسائل کے مؤثر استعمال اور تعمیر و ترقی کے اہم منصوبوں میں اپنا حصہ ڈالا۔ ان کی پیشہ ورانہ زندگی اس حقیقت کی عکاس تھی کہ خلوصِ نیت، فنی قابلیت اور قومی جذبے سے سرشار افراد اپنے کام کے ذریعے ایسی یادگاریں چھوڑ جاتے ہیں جو آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ بنتی ہیں۔

ان کی خدمات، پیشہ ورانہ وابستگی اور قومی منصوبوں میں کردار ہمیشہ قدر و احترام سے یاد رکھا جائے گا۔ چوہدری فضل احمد کی زندگی روشن روایت کی ایک قابلِ ذکر مثال تھی۔

مرحوم کی رحلت پر ان کے اہلِ خانہ، عزیز و اقارب، دوست احباب اور شعبۂ واپڈا سے وابستہ افراد گہرے رنج و غم میں مبتلا ہیں۔ ان کے انتقال کو ایک بڑا نقصان قرار دیا جا رہا ہے، تاہم ان کی پیشہ ورانہ خدمات اور قومی ترقی میں کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

اللہ تعالیٰ مرحوم کی کامل مغفرت فرمائے، ان کے درجات بلند کرے، انہیں جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور تمام سوگواران، بالخصوص ان کے اہلِ خانہ کو یہ صدمہ صبر و حوصلے کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔

آپ یہ بھی پسند کریں
اپنی رائے دیں

Your email address will not be published.