پی ٹی آئی کی فائنل کال پٹ گئی، پنجاب سے صرف 80 لوگ باہر نکلے عظمی بخاری
بانی پی ٹی آئی نے بشری بی بی کی صورت میں ٹرمپ کارڈ بھیجا تھا، وہ ٹرمپ کارڈ گھر کی لڑائی میں ہی شایدکہیں کھو گیا
لاہور(جی این ایم)وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی فائنل کال پٹ گئی، پنجاب سے صرف 80لوگ باہر نکلے جنہیں گرفتار کرلیا گیا،بانی پی ٹی آئی نے بشری بی بی کی صورت میں ٹرمپ کارڈ بھیجا تھا، وہ ٹرمپ کارڈ گھر کی لڑائی میں ہی شایدکہیں کھو گیا،بشری بی بی کنٹینر پر خطاب کے لئے کھڑی ہوئیں تو سامنے لوگ ہی نہیں تھے،یہ پتا نہیں کیسی شریعت ہے، عدالت جانا ہوتو وہ کہتی ہیں نامحرم کے ساتھ نہیں جاسکتی لیکن قافلے میں لشکر کشی کے لئے آ رہی ہیں۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراطلاعات عظمی بخاری کا کہنا تھا کہ 24نومبر کو فائنل کال اور انقلاب ڈے تھا،آپ نے پنجاب کے حالات دیکھ لیے، پنجاب اور لاہور میں لوگ کال پر لبیک کہتے باہر نظر نہیں آئے، آخری کال پر صرف 80لوگ پورے پنجاب سے باہر نکلے، خیبرپختونخوا والوں کی ابھی تک آنکھ نہیں کھلی، خیبرپختونخوا والا انقلاب ابھی تک پڑا سو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پچھلی کال پر پھر بھی 250بندا نکل آیا تھا، لاہور اور پنجاب کے عوام کا میں شکریہ ادا کروں،بار بار فتنے کی کال کو مسترد کرکے عام آدمی کی طرف سے وزیراعلی کو سپورٹ ملتی ہے،بشری بی بی کو فساد مارچ کو لیڈ کرتے اور خطاب کرتے سنا، کوئی تجزیہ کار ہو یا صحافی نہیں کہے گا کہ بشری بی بی سیاسی نہیں گھریلو خاتون ہیں۔یہ پتا نہیں کیسی شریعت ہے، عدالت جانا ہوتو وہ کہتی ہیں نامحرم کے ساتھ نہیں جاسکتی۔لیکن قافلے میں لشکر کشی کے لئے آ رہی ہیں۔ بشری بی بی کنٹینر پر خطاب کے لیے کھڑی ہوئیں تو سامنے لوگ ہی نہیں تھے۔
موکلوں کے کندھوں پر یا جنات پھاٹک پر کھڑے ہیں کہ خان کو باہر نکالیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ جب بشری بی بی خطاب کیلئے آئیں شاید اس وقت انقلاب سونے چلا گیا تھا، یہ بے عزت ہی کرایا ہے کہ بشری بی بی کو 4بندوں کے سامنے نکالا، علیمہ باجی کا دور دور تک کوئی پتا نہیں، علیمہ باجی کی خیریت دریافت کرنا چاہ رہی تھی کہ وہ کہاں ہیں، ہمارے پرامن مجاہدین نیکل کھنہ پل پر 6پولیس اہلکاروں اور وین کو تباہ کیا۔