اسلام آباد: پاکستان انجینئرنگ کونسل (پی ای سی) نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی (این ڈی یو) کے تعاون سے نوجوان انجینئرز کے لیے دوسرے پرسنالٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کا آغاز کر دیا۔
ایک ہفتے پر مشتمل تربیتی پروگرام میں 700 انجینئرنگ گریجویٹس شریک ہیں، جنہوں نے سرکاری و نجی شعبے کے 60 سے زائد اداروں میں پانچ ماہ کی عملی تربیت مکمل کی ہے۔
این ڈی یو کے انسٹی ٹیوٹ فار پروفیشنل لیڈرشپ ڈویلپمنٹ سینٹر کے زیرِ اہتمام تربیت میں مؤثر ابلاغ، قیادت، ٹیم ورک، جذباتی ذہانت، تنازعات کے حل اور پیشہ ورانہ اخلاقیات سمیت مختلف موضوعات شامل ہیں۔
چیئرمین پی ای سی انجینئر وسیم نذیر نے کہا کہ پروگرام نوجوان انجینئرز کو عملی تجربے سے مزید فائدہ اٹھانے اور پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے لیے تیار کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔
پی ای سی کے مطابق گیٹ پروگرام کے پہلے اور دوسرے کوہورٹ کے لیے ڈیجیٹل قرعہ اندازی کے ذریعے مجموعی طور پر 2,300 انجینئرز منتخب کیے گئے، جبکہ ہر ٹرینی کو پلیسمنٹ کے دوران 50 ہزار روپے فراہم کیے گئے۔ پہلے کوہورٹ کے 600 گریجویٹس نے جولائی 2026 میں این ڈی یو میں اپنی تربیت مکمل کی۔

