الجزیرہ ویب ڈیسک
لاہور احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں عثمان بزدار کی عبوری ضمانت میں 25مئی تک توسیع کردی۔
احتساب عدالت لاہور کے جج سجاد احمد شیخ نے سابق وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی سماعت کی۔
عثمان بزدار عدالت پیش نہیں ہوئے ان کے وکلاء نے حاضری معافی کی درخواست دائر کی۔جج نے استفسار کیا کہ ملزم عثمان بزدار کہاں ہیں جس پر وکیل نے بتایا کہ عثمان بزدار بیمار ہیں، سینے میں تکلیف کے باعث وہ پیش نہیں ہوسکتے۔
عدالت نے کہااگر آپ اس طرح کی جعلی میڈیکل رپورٹس پیش کریں گے تو میڈیکل بورڈ کا حکم جاری کر دیں گے۔عثمان بزدار نے وکیل نے کہا کہ نیب سوالات کے جوابات جمع کروادیے گئے ہیں۔
تفتیشی افسر نے کہا کہ عثمان بزدار نے سوالوں کے جواب نہیں دیئے۔احتساب عدالت نے کہا کہ آخری موقع دے رہے ہیں، آئندہ سماعت پر عثمان بزدار پیش نہ ہوئے تو ضمانت خارج کردی جائے گی۔
بعدازاں عدالت نے عثمان بزدار کی عبوری ضمانت میں 25مئی تک توسیع کردی۔