مشکل فیصلوں کی وجہ سے ضمنی انتخابات میں دس نشستیں ہاریں لیکن وہ ہمیں وارے میں ہے
اگلے چھ آٹھ مہینے میں استحکام آئے گا جو سیاسی سرمایہ ہم نے کھویا تھا وہ بھی واپس آ جائے گا،وفاقی وزیر
لاہور (آن لائن:الجزیرہ ویب ڈیسک) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ہم نے اپنا گردہ کاٹ کر پاکستان کی معیشت کو لگایا ہے،مشکل فیصلوں کی وجہ سے ضمنی انتخابات میں دس نشستیں ہاریں لیکن وہ ہمیں وارے میں ہیں ہم نے معیشت کو نہیں ہارنے دیا، جب اگلے چھ آٹھ مہینے میں استحکام آئے گا جو سیاسی سرمایہ ہم نے کھویا تھا وہ بھی واپس آ جائے گا
پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا کہ خزانہ خالی ہونے کی وجہ سے گزشتہ مالی سال کی آخری سہ ماہی میں ترقیاتی بجٹ جاری نہیں ہو سکا، کوئی بھی ملک ساڑھے نو فیصد ٹیکس ٹو جی ڈی پی کے ساتھ ترقی نہیں کر سکتا،جتنے بھی کامیاب ملک ہیں جنہوں نے ترقی کی ان کی ٹیکس ٹو جی ڈی اٹھارہ سے بیس فیصد ہے،ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کے لئے مجبوری ہوتی ہے اگر ٹیکس آمدن حاصل نہیں ہو رہی تو انہی لوگوں کو جکڑا جائے جو پہلے ہی ٹیکس نیٹ میں آ گئے ہوتے ہیں، جو لوگ ٹیکس نہیں اادا کر رہے ہیں ان کی بجائے وہی شکنجے میں نچوڑے جاتے ہیں جو ٹیکس نیٹ میں موجود ہیں،بجلی کے بلوں کی ادائیگی نہ کرنے والوں کا بوجھ باقاعدگی سے بل ادا کرنے والے اٹھاتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر لاہور چیمبر آف کامرس کے عہدیداران و دیگر بھی موجود تھے