بلوچستان کے موجودہ تعلیمی نظام، زبوں حالی اور اسکولوں کی خستہ حالی پر بلوچ لٹریسی کیمپین کے تحت ایک کتابچہ شائع کیا گیا ہے۔ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی
بلوچ لٹریسی کیمپین کے زیرِ اہتمام، بلوچستان میں محکمہٴ تعلیم اور حکومتی عدم توجہی کے باعث پیدا ہونے والی تعلیمی زبوں حالی، بحران اور اسکولوں و کالجوں کی خستہ حالی پر مبنی، فیلڈ ورک کے اعداد و شمار پر مشتمل ایک کتابچہ شائع کیا گیا ہے۔ اس کتابچے میں مختلف اعداد و شمار کی روشنی میں اسکولوں اور کالجوں کی تعلیمی صورتِ حال، خستہ حالی اور بنیادی سہولیات کے فقدان کو اجاگر کیا گیا ہے۔ ساتھ ہی بلوچستان کی جامعات میں تعلیمی صورتِ حال اور نوجوانوں کی شرحِ داخلہ میں کمی کے اسباب پر ایک جائزاتی رپورٹ بھی شامل کی گئی ہے۔
بی ایل سی کے اس کتابچے میں تنظیم کے چیئرمین عزیر بلوچ کا ایک انٹرویو بھی شامل ہے۔ انہوں نے اپنی اس گفتگو میں بلوچستان میں تعلیمی صورتِ حال، بلوچ لٹریسی کیمپین، اس کے ذریعے حاصل کردہ اعداد و شمار اور بی ایل سی کے پروگراموں و پالیسیوں پر روشنی ڈالی ہے۔
کتابچے میں چیئرمین عزیر بلوچ نے بتایا کہ ہمارا بنیادی مقصد بلوچستان میں تعلیمی بحران کو اجاگر کرنا تھا، تاکہ شرحِ خواندگی میں بہتری، بند اسکولوں کی بحالی، بنیادی سہولیات کی فراہمی، اساتذہ کی کمی کے خاتمے اور بلوچ طلباء کو درپیش دیگر تعلیمی مسائل کے حل کے لیے مہم چلائی جا سکے۔ ہم اپنی مسلسل جدوجہد کے ذریعے شرحِ خواندگی میں اضافہ، بند اسکولوں کو فعال بنانا، بدعنوانی و عدم فعالیت پر حکومت سے جواب طلبی، اور متعلقہ حکام کو بنیادی تعلیمی سہولیات کی فراہمی پر مجبور کرنا چاہتے ہیں۔ اس کے علاوہ، ہم طلباء، والدین اور اساتذہ کی رہنمائی کرتے ہیں تاکہ وہ اپنے تعلیمی حقوق کے لیے آواز بلند کریں اور مفلوج تعلیمی نظام کے خلاف جدوجہد کریں۔ ہمارا ماننا ہے کہ تعلیم کوئی خیرات نہیں بلکہ ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔ اس لیے ہر بچہ معیاری تعلیم حاصل کرنے کا حقدار ہے تاکہ وہ نہ صرف ذات بلکہ معاشرے کی اجتماعی بہتری کے لیے آگے بڑھ سکے۔
بلوچ لٹریسی کیمپین بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی کے زیرِ انتظام ایک تعلیمی مہم ہے جس کا آغاز 2021ء میں ہوا تھا۔ اس کے تحت بلوچستان کے اسکولوں کی خستہ حالی، بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی اور اساتذہ کی شدید کمی کو وقت فوقت اجاگر کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے سدِباب کی اپیل کی گئی ہے۔ اس مہم کے دوران ہمیں اسکولوں کی نہایت تشویش ناک صورتِ حال دیکھنے کو ملی، جسے ہم نے وقت فوقت اپنے کتابچوں، بیانات، رپورٹوں اور فیسٹیولز کے ذریعے سامنے لایا ہے۔ اس نئے کتابچے میں شامل تازہ ترین اعداد و شمار قارئین کے لیے ہماری آفیشل ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔
مرکزی ترجمان: بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی

