بی ڈی اے کے قیمتی اثاثوں کی مبینہ غیر قانونی تقسیم کی شدید مذمت، ادارے کے خاتمے اور اثاثوں کی بندربانٹ کسی صورت قبول نہیں: بی ڈی اے اسٹاف ایسوسی ایشن
بلوچستان کے عوام اور عوامی نمائندوں کے سامنے آج ایک اہم سوال ہے کہ وہ عوامی اثاثوں اور اداروں کے تحفظ کا ساتھ دیں گے یا خاموش تماشائی بنیں گے؟
بی ڈی اے اسٹاف ایسوسی ایشن نے بلوچستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی (BDA) کے قیمتی اثاثوں کو مبینہ طور پر غیر قانونی طریقے سے مختلف محکموں میں منتقل کرنے اور مفت تقسیم کرنے کے اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بی ڈی اے کے اثاثے کوئی خیرات کے مٹھائی کے لڈو نہیں کہ جس کا جی چاہے اٹھا کر تقسیم کرتا پھرے۔ یہ اثاثے بلوچستان کے عوام کی امانت ہیں، جن کی تعمیر و ترقی میں عوامی وسائل اور محنت کش ملازمین کی کئی دہائیوں کی محنت شامل ہے۔
ایسوسی ایشن نے کہا کہ بی ڈی اے کے اثاثوں پر ملازمین کی محنت، پسینہ اور قربانیاں لگی ہوئی ہیں۔ ان اثاثوں کی منتقلی، تقسیم یا کسی بھی قسم کے تصرف کا فیصلہ شفاف قانونی طریقہ کار، متعلقہ قواعد اور عوامی مفاد کو سامنے رکھ کر ہونا چاہیے۔ کسی ادارے کو غیر قانونی یا یکطرفہ طریقے سے ختم کرنا اور اس کے وسائل کو تقسیم کرنا نہ ملازمین کے حق میں ہے اور نہ ہی بلوچستان کے عوام کے مفاد میں۔
بی ڈی اے اسٹاف ایسوسی ایشن نے واضح کیا کہ ادارے کو ختم کرنا، ملازمین کو بے روزگاری اور معاشی مشکلات سے دوچار کرنا مسائل کا حل نہیں۔ اگر ادارے میں انتظامی یا مالی مشکلات ہیں تو ان کا حل اصلاحات، احتساب، بہتر انتظامیہ اور ادارے کی بحالی میں تلاش کیا جائے، نہ کہ ادارے کی بنیادیں ختم کرکے اس کے اثاثے تقسیم کر دیے جائیں۔
ایسوسی ایشن نے بلوچستان کی تمام سیاسی جماعتوں، عوامی نمائندوں، منتخب اراکین اسمبلی اور سول سوسائٹی سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ اس اہم معاملے پر اپنی آواز بلند کریں اور حکومت سے مطالبہ کریں کہ بی ڈی اے کے اثاثوں کی مکمل تفصیلات، مالیت، ملکیت اور مجوزہ منتقلی کی قانونی حیثیت عوام کے سامنے لائی جائے۔ ان اثاثوں کے حوالے سے شفاف تحقیقات اور عوامی مفاد کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔
ایسوسی ایشن نے مزید کہا کہ بی ڈی اے سے وابستہ تقریباً 900 خاندانوں کا مستقبل داؤ پر لگا ہوا ہے۔ یہ صرف چند ملازمین کی ملازمتوں کا معاملہ نہیں بلکہ سینکڑوں خاندانوں کے بچوں کی تعلیم، گھروں کے اخراجات اور مستقبل کا سوال ہے۔ بلوچستان کے عوامی نمائندوں کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ ان خاندانوں، محنت کشوں اور عوامی اثاثوں کے تحفظ کے لیے آواز اٹھائیں گے یا اس اہم معاملے پر خاموش رہیں گے۔
بی ڈی اے اسٹاف ایسوسی ایشن کا دوٹوک مؤقف ہے کہ ادارے کا غیر قانونی خاتمہ، ملازمین کے حقوق کی پامالی اور عوامی اثاثوں کی غیر شفاف تقسیم کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی۔ ہم اپنے ادارے اور اس کے اثاثوں کے تحفظ کے لیے ہر قانونی اور جمہوری فورم پر آواز بلند کرتے رہیں گے۔

