بیجنگ (:الجزیرہ ویب ڈیسک) چین نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ طالبان کے ساتھ بات چیت کا آغاز کریں تاکہ افغانستان کی نئی حکومت کو اعتماد ملے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کے اقوام متحدہ میں مندوب ڑانگ جون نے افغانستان میں طالبان کی حکومت کے قیام کے ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر کہا ہے کہ عالمی برادری نئی انتظامیہ کو اعتماد اور رہنمائی فراہم کرنے کے لیے تعلقات بحال کرے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کی سابق قیادت کو بھی اپنے تجربات سے ملک کو فائدہ پہنچانا چاہیئے۔ حکومت ختم ہوجانے سے ان کی ذمہ داریاں ختم نہیں ہوجاتیں۔چینی مندوب نے امریکا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ منجمد افغان فنڈز کو فی الفور ملک کے مرکزی بینک کے حوالے کردینا چاہیئے۔ کسی بھی ملک کے پاس افغانستان کے اثاثے منجمد کرنے کا کوئی جواز نہیں ہے۔