کوئٹہ: سریاب اور کیچی بیگ پولیس تھانے کی حدود میں مبینہ طور پر چوری اور موبائل چھیننے کی وارداتوں کے باعث شہریوں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔
گزشتہ روز تقریباً شام 4:30 بجے سریاب روڈ پر میل بوائز ہائی اسکول کے سامنے فٹ پاتھ پر ایک شخص موٹر سائیکل پر اکیلا آیا اور ایک خاتون کے ہاتھ سے موبائل فون چھین کر فرار ہوگیا۔
واردات کے مقام کے سامنے مبینہ طور پر سیف سٹی کے کیمرے بھی نصب ہیں، تاہم شہریوں کا کہنا ہے کہ اب تک پولیس کی جانب سے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرکے ملزم تک پہنچنے کے حوالے سے کوئی واضح پیش رفت سامنے نہیں آئی۔
دن دیہاڑے خاتون سے موبائل چھیننے کی واردات نے شہریوں بالخصوص خواتین کے تحفظ کے حوالے سے سوالات اٹھا دیے ہیں۔ شہریوں نے پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزم کو فوری گرفتار کرکے شہریوں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔

