تربت: ٹیچرز ڈے کی مناسبت سے معروف تعلیمی ادارہ ڈیلٹا اسکول تربت میں ضلع کیچ کا سب سے بڑا اور شاندار پروگرام منعقد کیا گیا۔
جس میں اساتذہ کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی حوصلہ افزائی کیلئے مختلف سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر اساتذہ کے اعزاز میں محفلِ موسیقی بھی منعقد ہوئی۔ جبکہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے چار اساتذہ میں ایک لاکھ سے 50 ہزار روپے تک کے نقد انعامات تقسیم کیئے گئے۔
تقریب کی صدارت ڈیلٹا اسکول کے پرنسپل مراد اسماعیل نے کی۔
جبکہ اسسٹنٹ کمشنر اورماڑہ ڈاکٹر ماہ نور برکت تقریب کی مہمانِ خصوصی تھیں۔
تقریب میں ڈیلٹا اسکول کے تمام کیمپسز سے اساتذہ، طلبہ و طالبات، والدین اور سکول انتظامیہ و اسٹاف نے بھی شرکت کی۔ جبکہ طلبہ و طالبات نے بھی تقریب میں بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ حصہ لیا۔ تقریب کے دوران اساتذہ کی خدمات، محنت اور کارکردگی کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا اور نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ٹاپ چار اساتذہ میں نقد انعامات تقسیم کیئے گئے۔
بہترین ٹیچر کا اعزاز حاصل کرنے والی وائس پرنسپل میڈم زولیخہ کو ایک لاکھ روپے، میڈم صدگنج کو 75 ہزار روپے جبکہ میڈم مسرت اور ماہناز کو 50، 50 ہزار روپے کے نقد انعامات دیئے گئے۔
سکول کے طلبہ و طالبات نے اپنے اساتذہ کی خدمات اور تعلیمی کردار کو اجاگر کرنے کے لیے مختلف ٹیبلوز اور ڈرامے پیش کیئے جنہیں شرکاء نے خوب سراہا۔ اس موقع پر طلبہ نے اپنے اساتذہ کی محنت، لگن اور ان کی تعلیمی و اخلاقی تربیت میں اہم کردار کو اجاگر کرتے ہوئے مؤثر اور پُرجوش تقاریر بھی کیں۔ تقریب میں منعقدہ محفلِ موسیقی نے بھی سماں باندھ دیا، جہاں بلوچی زبان کے معروف گلوکار استاد راشد سبز اور دیگر فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا اور حاضرین کو محظوظ کیا۔
مہمانِ خصوصی اسسٹنٹ کمشنر اورماڑہ ڈاکٹر ماہ نور برکت نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ استاد صرف کتاب کا علم نہیں دیتا بلکہ وہ نسلوں کی فکری اور اخلاقی تربیت کرکے معاشرے کا مستقبل تشکیل دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معیاری تعلیم کسی بھی معاشرے کی ترقی کی بنیاد ہے اور اس بنیاد کو مضبوط بنانے میں اساتذہ کا کردار سب سے اہم ہے۔
انہوں نے ڈیلٹا اسکول کی تعلیمی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ طلبہ کی تعلیم کے ساتھ ان کی شخصیت سازی اور اخلاقی تربیت پر توجہ دینا ایک قابلِ قدر اقدام ہے۔انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وہ خود ڈیلٹا اسکول کے طالبعلم رہ چکی ہیں میری بیچ کے طلبہ میں سے دو سی ایس ایس آفیسر، دو پی سی ایس آفیسر،دم دو میڈیکل آفیسرز اور دو انجینیئرز ہم اسی ایک بیچ سے محنت کرکے کامیاب قرار ہوئےہیں اور آج خدمت میں مصروف ہیں۔ اگر آپ بھی محنت کریں آپ بھی اعلی مقام پر پہنچ سکتے ہیں انہوں نے اساتذہ کی حوصلہ افزائی کے لیے ادارے کی جانب سے نقد انعامات دینے کے عمل کو بھی سراہا اور کہا کہ ایسے اقدامات اساتذہ کو مزید محنت اور لگن کے ساتھ اپنے فرائض انجام دینے کی ترغیب دیتے ہیں۔تقریب کے اختتام پر ڈیلٹا اسکول کے پرنسپل مراد اسماعیل نے مہمانِ خصوصی، اساتذہ، اسکول انتظامیہ، والدین اور طلبہ و طالبات کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی تعلیمی ادارے کی اصل طاقت اس کے اساتذہ ہوتے ہیں، جو اپنی محنت، خلوص اور لگن سے طلبہ کے مستقبل کو سنوارتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈیلٹا اسکول میں اساتذہ کی محنت کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے اور ان کی حوصلہ افزائی کا یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔

