وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے پارلیمانی سیکرٹری ٹرانسپورٹ میر لیاقت علی لہڑی کی قیادت میں ٹرانسپورٹرز اور آل پاکستان مزدا ٹرک گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی، جس میں صوبے میں ٹرانسپورٹ کے شعبے کو درپیش مسائل، قومی شاہراہوں پر امن و امان، تجارتی سرگرمیوں اور مال برداری کے نظام سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں سیکرٹری ٹرانسپورٹ بلوچستان حیات خان، اسپیشل سیکرٹری داخلہ عبدالسلام خان اچکزئی، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ عمران زرکون اور ایڈیشنل سیکرٹری محمد فریدون خان بھی موجود تھے، جبکہ وفد میں چیئرمین آل پاکستان مزدا ٹرک گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن میر نواب مینگل سمیت دیگر ٹرانسپورٹرز اور انجمن تاجران کے نمائندے شریک تھے۔
وفد نے وزیراعلیٰ کو شاہراہوں پر نقل و حمل، سیکیورٹی، تجارتی سرگرمیوں اور ٹرانسپورٹ کے شعبے کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ٹرانسپورٹ کا شعبہ صوبے اور ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، اس لیے حکومت ٹرانسپورٹرز کے جائز مسائل کے حل کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔

