پارا چنار پاراچنار میں نامعلوم افراد کی سکول پر فائرنگ سے 7 اساتذہ جاں بحق ہو گئے۔فائرنگ کے واقعات کے بعد اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ اپرکرم میں پیش آیا ہے۔ نامعلوم افراد نے فائرنگ سٹاف روم پر کی۔ نامعلوم افراد کی جانب سے تری مینگل ہائی اسکول میں شدید فائرنگ کی گئی۔مسلح افراد اسکول میں داخل ہوئے اور اسٹاف روم میں گھس کر اندھا دھند گولیاں چلا دیں۔فائرنگ کے نتیجے میں 7 اساتذہ جاں بحق ہو گئے۔سیکیورٹی اقدامات کے تحت ضلع بھر میں آمدورفت کے لیے راستے بند کر دئیے گئے ہیں۔ واقعے کے بعد ضلع بھر میں حالات کشیدہ ہو گئے۔سیکیورٹی فورسز کے دستے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ہیں۔جاں بحق تمام اساتذہ میٹرک کے امتحانات پر ڈیوٹی دے رہے تھے۔لاشوں کو پاراچنار اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔اسپتال سے لاشیں آبائی علاقوں کو بھجوائی جائیں گی۔ آج پاراچنار میں چلتی گاڑی پر فائرنگ کرکے بھی ایک ٹیچر کو قتل کیا گیا تھا۔ دو واقعات میں قتل کیے گئے اساتذہ کی تعداد 8 ہو گئی۔ٹیچر کو قتل کرنے والے ملزمان کی تلاش جاری ہے۔قبائلی عمائدین اور سیکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے میں امن و امان کی صورتحال کنٹرول کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔