سیاسی جہنم سے نکلنے کا راستہ دکھائی نہیں دیتا،شیخ رشید
الجزیرہ ویب ڈیسک
اسلام آباد سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ زندگی میں پہلی بار عدلیہ اور عدل کو بے بس پایا،گیدڑ اور گدھیں قوم کو نوچ رہی ہیں، چوبیس کروڑ لوگ بند گلی میں داخل ہوچکے ہیں،سیاسی جہنم سے نکلنے کا راستہ دکھائی نہیں دیتا، حالات بدتر ہوتے جارہے ہیں،بیس دن اہم ہیں، پی ڈی ایم میں پھوٹ پڑے گی، پیپلز پارٹی،(ن) لیگ آمنے سامنے ہوں گی۔
ٹوئٹر پر جاری پیغام میں شیخ رشید نے کہا کہ نواز شریف پر دوبارہ کراس لگ گیا ہے، بیس دن اہم ہیں، پی ڈی ایم میں پھوٹ پڑے گی، پیپلز پارٹی،(ن) لیگ آمنے سامنے ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ نظریہ ضرورت کے سائز تک رکھا جائے گا، اڈاری پرندے پیپلز پارٹی کے ٹوکرے میں بھی بھیجیں جائیں گے،مختلف مصالحوں سے کھچڑی پکے گی جس میں جہانگیری تڑکا لگے گا، لیکن عمران خان دیوار چین ثابت ہوگا۔
شیخ رشید نے کہا کہ تاریخی افراط زر گروتھ منفی، آئی ایم ایف سے کٹی، کاروبار تباہ، معیشت غرق، مالیاتی مدد ناپید ہے، ملک جل رہا ہے اور ان کو دوروں کی پڑی ہے۔ انہوں نے کہاکہ زندگی میں پہلی بار عدلیہ اور عدل کو بے بس پایا، حکومت نے عدل، انصاف اور ججوں کے فیصلے کو بھی نظر بند کردیا ہے، کیا قید ہے کیا رہائی ہے، عدلیہ سے رہائی اور جیل کے گیٹ پر گرفتاری کا نیا پروانہ ہے، گیدڑ اور گدھیں قوم کو نوچ رہی ہیں، گدھوں نے اسلام آباد کے ستائیس کلومیڑ کے اصطبل پر قبضہ کرلیا ہے، چوبیس کروڑ لوگ بند گلی میں داخل ہوچکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی جہنم سے نکلنے کا راستہ دکھائی نہیں دیتا، حالات بد سے بدتر ہوتے جارہے ہیں، آگے کھائی اور پیچھے گڑھا ہے، حکومت بے فکر ہے کیونکہ ان کی ساری مال دولت اور جائیدادیں ملک سے باہر ہیں۔