لاہور (ڈیلی الجزیرہ )انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب، انعام غنی نے کہا ہے کہ کورونا وبا ء کے دوران پنجاب پولیس عوام کی جان وما ل کے تحفظ کیلئے فرنٹ لائن ورکر کے طور پر اپنے فرائض ادا کر رہی ہے۔
اور فرائض منصبی کی ادائیگی کے دوران پولیس فورس کے متعدد افسران واہلکار کورو وباء سے جام شہادت نوش کر چکے ہیں۔ انہوں نے مزیدکہاکہ کورونا کی چوتھی لہر انتہائی خطرناک ہے لہذا صوبے کے تمام اضلاع میں پولیس فورس کو کورونا ویکسینیشن کا جاری عمل جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ پولیس فورس اس موذی وباء سے محفوظ رہ کر عوام کی خدمت اور حفاظت کے فرائض سر انجام دیتی رہے۔
انہوں نے مزیدکہاکہ سپروائزری افسران ذاتی نگرانی میں ماتحت فورس کی ویکسینیشن مکمل کروائیں اور اس حوالے سے رپورٹس بھی سنٹرل پولیس آفس باقاعدگی سے بھجوائی جائیں۔ آئی جی پنجاب کوپیش کی گئی رپورٹ کے مطابق اب تک 50سے 60 برس کے21812 افسران واہلکاروں کو جبکہ40 سے 50 برس کے 30491 افسران واہلکاروں کو کورونا ویکسین لگائی جاچکی ہے۔
انہوں نے مزیدبتایا کہ تیس سے چالیس برس کی کیٹیگری کے افسران و اہلکاروں کی کورونا ویکسینیشن کا عمل بھی تیزی جاری ہے اور اب تک 30 سے 40 برس کے65645 افسران واہلکاروں کو کورونا ویکسین لگائی جاچکی ہے جبکہ مجموعی طور پر تیس برس سے زائد العمر 117948 افسران واہلکاروں کو کورونا ویکسین لگ چکی ہے اور باقی رہ جانے والی فورس اور سٹاف کی ویکسینیشن کا عمل بھی بلا تعطل جاری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام اضلاع میں ضلعی پولیس کے علاوہ پنجاب کانسٹیبلری، انویسٹی گیشن پنجاب، سپیشل برانچ، سی ٹی ڈی، ٹریفک، ایس پی یو، پی ایچ پی سمیت دیگر فیلڈ فارمیشنزمیں بھی افسران واہلکاروں کو کورونا ویکسینیشن لگائی جا رہی ہے۔آئی جی پنجاب نے تاکید کی کہ تمام افسران و اہلکار دوران ڈیوٹی کورونا سے بچاؤ کے ایس او پیز پر ہر صورت عمل درآمد یقینی بنائیں۔
انہوں نے مزیدکہاکہ پولیس افسران و اہلکاروں اور انکے اہل خانہ کی صحت اور زندگی محکمہ پولیس کی انتہائی اہم ہے کیونکہ ہم صحت مند رہ کر ہی بہتر طریقے سے عوام کی خدمت اور حفاظت کی ذمہ داری زیادہ بہتر انداز میں ادا کر سکتے ہیں۔