پٹیل روڈ پر نوجوان محمد اکرم محمد حسنی کے قتل کے تین روز بعد بھی ملزمان گرفتار نہ ہوسکے، لواحقین کا اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس اور انصاف کی فراہمی کا مطالبہ۔
کوئٹہ: پٹیل روڈ پر موبائل فون چھیننے کی کوشش کے دوران مزاحمت پر فائرنگ سے نوجوان محمد اکرم محمد حسنی کے قتل کو تین روز گزرنے کے باوجود ملزمان گرفتار نہ ہوسکے۔ لواحقین نے اعلیٰ حکام سے واقعے کا فوری نوٹس لینے اور قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔
لواحقین کے مطابق واردات کے دوران مسلح ڈاکوؤں نے موبائل فون چھیننے کی کوشش کی اور مزاحمت پر فائرنگ کرکے نوجوان کو قتل کردیا۔ ان کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزمان واضح طور پر دکھائی دے رہے ہیں، اس کے باوجود تاحال گرفتاری عمل میں نہیں آسکی۔
لواحقین نے وزیراعلیٰ بلوچستان، وزیر داخلہ اور پولیس حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی شناخت کرکے انہیں فوری گرفتار کیا جائے اور متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کے مصروف ترین تجارتی مرکز میں شہریوں کا غیر محفوظ ہونا تشویشناک ہے، اسٹریٹ کرائمز کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
