مولانا فضل الرحمان حکومت میں حصہ نہ ملنے پر ناراض ہیں، ان کے بغیر بھی حکومت کام جاری رکھے گی، گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ مولانا صاحب کو حکومت میں حصہ نہیں ملا، اسی لیے وہ ناراض ہیں، تاہم ان کے بغیر بھی حکومت قائم ہوئی ہے اور اپنا کام جاری رکھے گی۔
پشاور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبے میں دہشتگردی کے خاتمے کے لیے انٹیلیجنس بنیادوں پر کارروائیاں جاری ہیں، جس سے دہشتگردی کے واقعات میں کمی آنے کی توقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ 13 برس کے دوران صوبے میں جو کچھ ہوا، موجودہ حکومت اس کی اصلاح کے لیے اقدامات کررہی ہے۔ مخالفین جتنی چاہیں تنقید کریں، حکومت اپنا کام جاری رکھے گی اور کسی کو معاف نہیں کیا جائے گا۔
گورنر کے پی کا کہنا تھا کہ صوبے میں عوام کی بہتری کے لیے بہتر قانون سازی کی جائے گی اور نئے قوانین بنائے جائیں گے۔
سرکاری ہیلی کاپٹر کے استعمال سے متعلق سوال پر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ہیلی کاپٹر گورنر، وزیراعلیٰ اور وزیراعظم کے سرکاری استعمال کے لیے ہوتے ہیں۔ وہ بھی سرکاری ذمہ داری کے سلسلے میں ہیلی کاپٹر پر گئے تھے، کسی تفریح یا عیاشی کے لیے نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں مبینہ طور پر رقم لے کر تجاوزات کے اجازت نامے جاری کیے جاتے رہے، تاہم اب تجاوزات کے خاتمے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔ متاثرہ افراد کے مسائل حل کرنے کے لیے فارم تیار کیا جارہا ہے، جبکہ ریڑھی بانوں کو بھی مناسب جگہ فراہم کی جائے گی۔
پولیو ورکرز پر حملوں کے حوالے سے گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ اس مسئلے پر بھی کام کیا جارہا ہے، کیونکہ پولیو پورے صوبے اور عوام کو متاثر کررہا ہے۔ مرض کے پھیلاؤ میں کمی لانے کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے۔

