بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی کوئٹہ زون کی جانب سے بلوچستان کتاب کاروان کے بینر تلے مختلف مقامات پر کتب اسٹالز لگائے گئے جس میں بروری، سریاب، فیض محمد روڑ بازار، پولی ٹیکنیکل کالج اور بلوچستان یونیورسٹی شامل ہیں۔ کتب اسٹالز لگانے کا مقصد بلوچستان کے عوام، بالخصوص نوجوانوں کو کتابوں کی طرف راغب کرنا اور معاشرے میں مطالعے کے رجحان کو فروغ دینا ہے۔ کسی بھی قوم کی ترقی میں نوجوانوں کا بنیادی کردار ہوتا ہے۔ اگر کسی قوم کے نوجوان تخلیقی سوچ کے حامل، باشعور اور روشن خیال بننا چاہتے ہیں تو انہیں کتابوں کی طرف توجہ دینی ہوگی، کیونکہ کتاب انسان کی سوچ کو وسعت دیتی ہے، شعور پیدا کرتی ہے اور زندگی کو سمجھنے کا نیا زاویہ فراہم کرتی ہے۔
بساک کا مقصد صرف کتاب اسٹالز لگانا نہیں، بلکہ نوجوانوں اور کتابوں کے درمیان ایک مضبوط فکری اور علمی رشتہ قائم کرنا ہے۔ تنظیم کی کوشش ہے کہ نوجوانوں کو ایسا مثبت اور علمی ماحول فراہم کیا جائے جہاں وہ مطالعے کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں، اپنی فکری صلاحیتوں کو پروان چڑھائیں اور سماجی برائیوں سے بچتے ہوئے ایک مثبت کردار ادا کریں۔ اگر ہم اپنے معاشرے میں ترقی، کامیابی اور مثبت تبدیلی چاہتے ہیں تو ہمیں کتاب کو اپنا دوست بنانا ہوگا۔ کتاب سے دوری انسان کو علم و شعور سے محروم کر سکتی ہے، جبکہ مطالعہ نوجوانوں میں تنقیدی سوچ، تخلیقی صلاحیت اور سماجی شعور کو فروغ دیتا ہے۔
بساک ایک طلبہ تنظیم کی حیثیت سے پورے بلوچستان میں کتابوں کی اہمیت اجاگر کرنے اور مختلف مقامات پر بک اسٹالز قائم کرنے کی کوشش کر رہی ہے، تاکہ بلوچستان کے نوجوان کتابوں سے قربت اختیار کریں، علم و آگاہی حاصل کریں اور اپنی صلاحیتوں کو مثبت سرگرمیوں میں بروئے کار لائیں۔ ان کتاب اسٹالوں پر مختلف موضوعات پر کتابیں رکھی گئی جن میں تاریخ، سیاست، فلسفہ، ادب، سائنس سمیت دیگر علمی موضوعات شامل تھے۔ ان اسٹالوں پر طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کرکے اپنی پسندیدہ کتابیں خریدیں۔ بلوچستان کتاب کارواں محض ایک سرگرمی نہیں، بلکہ ایک باشعور، تعلیم یافتہ، روشن خیال اور ترقی پسند معاشرے کی تشکیل کی کوشش ہے۔

