قلات سے 5 ہزار خاندانوں کو 30 اکتوبر تک علاقہ خالی کرنے کی ہدایت، وزیراعلیٰ نے منظوری دے دی ہیں، حکام
قلات: شورپارود میں تقریباً 5 ہزار خاندانوں پر مشتمل 30 ہزار افراد کو 30 اکتوبر تک علاقہ خالی کر کے کیمپوں میں منتقل ہونے کی ہدایت جاری کر دی گئی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے متاثرہ آبادی کی منتقلی کے منصوبے کی منظوری دے دی ہے، اور حکومت نے خبردار کیا ہے کہ رضاکارانہ طور پر منتقلی نہ کرنے والوں کے خلاف جبری بے دخلی کی کارروائی کی جائے گی۔ محکمہ داخلہ کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری محمد حمزہ شفقات نے وزیر داخلہ ضیاء اللہ لانگو اور شاہد رند کے ہمراہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ سیکیورٹی خدشات اور ریاست مخالف عناصر کی سرگرمیوں کے باعث یہ قدم اٹھایا گیا ہے، جبکہ متاثرہ خاندانوں کو خیموں، خوراک اور ادویات سمیت بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

