ایرانی ڈرون اور میزائل حملوں کا ممکنہ خطرہ، ٹرمپ کے گالف کلب پر فضائی دفاعی نظام تعینات
امریکی دفاعی نیوز ویب سائٹ ’’دی وار زون‘‘ کے مطابق ڈرون اور میزائل حملوں کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نیو جرسی میں واقع گالف کلب پر فضائی دفاعی نظام تعینات کردیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق نیو جرسی کے علاقے بیڈمنسٹر میں واقع ٹرمپ کے گالف کلب کی سامنے آنے والی ویڈیوز اور تصاویر میں امریکی صدر کی موجودگی کے دوران فضائی دفاعی نظام دیکھا جاسکتا ہے۔
’’دی وار زون‘‘ کے مطابق یہ ویڈیوز اور تصاویر گزشتہ اتوار کو بنائی گئی تھیں، جب صدر ٹرمپ نیو جرسی میں اپنے گالف کلب میں جاری بیڈمنسٹر ٹورنامنٹ کے فائنل راؤنڈ میں موجود تھے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ٹرمپ کو گالف کھیلتے دکھانے والی ایک ویڈیو کے پس منظر میں مختصر فاصلے تک مار کرنے والا امریکی فضائی دفاعی نظام ’’ایونجر‘‘ واضح طور پر نظر آتا ہے، جبکہ دیگر فوٹیجز میں ’’سینٹینل‘‘ فضائی دفاعی ریڈار بھی دیکھا جاسکتا ہے۔

