محسن نقوی ہمارے برخوردار مگر وہ وقت سے پہلے بالغ ہوگئے ہیں،مولانا فضل الرحمن
مولانا فضل الرحمن کی محسن نقوی پر میٹھی تنقید
کوئٹہ: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کوئٹہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئے صوبے بنانا کوئی آسان کام نہیں، یہ ایسا نہیں کہ “چھری اٹھائی اور کیک کاٹ لیا”۔ اس حوالے سے کسی بھی فیصلے سے قبل ملک کی انتظامی ساخت، آئینی تقاضوں اور زمینی حقائق کا بغور جائزہ لینا ضروری ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی پر طنزیہ انداز میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ “محسن نقوی ہمارے برخوردار ہیں، مگر وہ وقت سے پہلے بالغ ہوگئے ہیں۔” انہوں نے کہا کہ معلوم نہیں یونٹس سے متعلق بیان انہوں نے اپنی ذاتی حیثیت میں دیا یا اس کے پیچھے کوئی اور وجہ تھی۔
جے یو آئی (ف) کے سربراہ نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام جیسے اہم قومی معاملات کو سیاسی بیانات یا جذباتی نعروں کی بنیاد پر نہیں چلایا جا سکتا۔ ایسے فیصلوں کے لیے تمام متعلقہ آئینی، انتظامی اور سیاسی پہلوؤں کو مدنظر رکھنا ناگزیر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک کو اس وقت کئی سنگین چیلنجز کا سامنا ہے، اس لیے ضروری ہے کہ قومی قیادت عوامی مسائل کے حل پر توجہ دے اور اہم قومی معاملات پر سنجیدگی سے غور کرے۔

