کوئٹہ: سرزمین پر اب مزید جنگ نہیں، ہماری زمین اور وسائل پر ہمارا حق تسلیم کیا جائے، محمود خان اچکزئی
بلوچستان میں پشتون اور بلوچ برابر ہیں، حقوق کی بات کسی کے خلاف نہیں بلکہ اپنے حق کے لیے ہے، پشتون قومی جرگہ سے خطاب
کوئٹہ میں منعقدہ پشتون قومی جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ سرزمین پر اب مزید جنگ نہیں ہونی چاہیے، ہماری زمین، ہمارے وسائل اور اپنے مستقبل کے فیصلوں پر ہمارا حق تسلیم کیا جائے۔
محمود خان اچکزئی نے کہا کہ پشتون قوم اپنے تاریخی، قومی اور جغرافیائی حقوق سے دستبردار نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ آمو سے اباسین تک پشتونوں کا حق اور شناخت ایک حقیقت ہے جسے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں پشتون اور بلوچ برابر کے شہری ہیں اور دونوں اقوام کو باہمی احترام، برابری اور اپنے جائز حقوق کے ساتھ رہنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی قوم کے حقوق کو تسلیم کرنا دوسری قوم کے حقوق کی نفی نہیں بلکہ ایک پُرامن اور منصفانہ مستقبل کی بنیاد ہے۔
پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ پشتون قومی جرگہ قوم کے مسائل، وسائل، زمین اور مستقبل کے حوالے سے ایک واضح پیغام دے رہا ہے کہ اب فیصلے عوام کی مرضی اور حقوق کو نظر انداز کرکے نہیں کیے جا سکتے۔
انہوں نے ریاستی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ طاقت اور جنگ مسائل کا حل نہیں، بلکہ سیاسی مذاکرات، برابری اور آئینی حقوق کی فراہمی ہی دیرپا امن کا راستہ ہے۔


آپ یہ بھی پسند کریں
