کوئٹہ، 27 اگست 2026: بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے صوبے بھر میں ناقص اور غیر معیاری خوراک کے خلاف کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے مختلف اضلاع میں 20 خوراک کے مراکز اور یونٹس پر جرمانے عائد کردیے، جبکہ کوئٹہ میں غیر معیاری مصالحہ جات تیار کرنے والا ایک یونٹ سیل کردیا گیا۔
بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے کوئٹہ، حب، حرمزئی پشین اور کولپور سمیت مختلف علاقوں میں معائنے کیے۔ کارروائیوں کے دوران متعدد مراکز کو اصلاحی نوٹسز بھی جاری کیے گئے۔
ترجمان بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے مطابق کوئٹہ کے مشرقی بائی پاس اور جتک اسٹاپ پر چیکنگ کے دوران ناقص صفائی، نان فوڈ گریڈ رنگ، ممنوعہ چائنیز نمک، غیر مناسب اسٹوریج اور حشرات سے بچاؤ کے ناقص انتظامات پر ایک مصالحہ یونٹ سیل جبکہ ایک نمکو یونٹ پر جرمانہ عائد کیا گیا۔
خدائیداد روڈ اور کاسی روڈ پر 19 مراکز کی چیکنگ کے دوران صفائی، ویسٹ مینجمنٹ، اسٹوریج اور حفاظتی لباس سے متعلق خلاف ورزیوں پر 3 یونٹس کو جرمانے اور 6 کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔
جناح ٹاؤن اور ویسٹرن بائی پاس میں کارروائی کے دوران ناقص صفائی، ایکسپائرڈ ایسنسز، حشرات اور غیر محفوظ اسٹوریج سمیت دیگر خلاف ورزیوں پر 5 یونٹس کو جرمانے کیے گئے۔
ایئرپورٹ روڈ پر غیر معیاری رنگ اور کم وزن نان کی فروخت پر 3 یونٹس کے خلاف کارروائی کی گئی جبکہ 7 مراکز کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔ حکام کے مطابق مقررہ 310 گرام وزن کے بجائے نان کا وزن 236، 244 اور 245 گرام پایا گیا۔
ترجمان کے مطابق حب سٹی میں غیر معیاری رنگ اور ممنوعہ چائنیز نمک کے استعمال پر 2 مصالحہ شاپس کو جرمانے کیے گئے۔
حرمزئی پشین میں 23 مراکز کی چیکنگ کے دوران ایکسپائرڈ اشیاء کی فروخت اور فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پر 4 یونٹس کے خلاف جرمانے کی کارروائی کی گئی۔
کولپور میں ممنوعہ چائنیز نمک، گٹکا اور بغیر مینوفیکچرنگ و ایکسپائری تاریخ والی مصنوعات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 2 یونٹس پر جرمانے عائد کیے گئے، جبکہ 4 مراکز کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔ ایک دکاندار کو فوڈ بزنس لائسنس نہ ہونے پر بھی جرمانہ کیا گیا۔
ترجمان بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی اتھارٹی کی اولین ترجیح ہے، جبکہ فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی اور عوام کی صحت سے کھیلنے والوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔


آپ یہ بھی پسند کریں
