ٹرمپ کا فیلڈ مارشل کو فون، ایران کو مذاکرات پر آمادہ کرنے کیلئے پاکستان سے کردار ادا کرنے کی درخواست: رائٹرز
اسلام آباد: غیر ملکی خبررساں ایجنسی رائٹرز نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ ہفتے پاکستان کے آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا تھا۔
رائٹرز کے مطابق دو پاکستانی ذرائع نے بتایا کہ گفتگو میں امریکا کی جانب سے پاکستان سے کہا گیا کہ وہ اپنا اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے ایران کو دوبارہ مذاکرات کی میز پر لانے میں کردار ادا کرے۔
رپورٹ کے مطابق یہ رابطہ صدر ٹرمپ کی جانب سے کیا گیا تھا، تاہم فیلڈ مارشل عاصم منیر اور امریکی صدر کے درمیان ہونے والی گفتگو کی مزید تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔
رائٹرز کا کہنا ہے کہ وائٹ ہاؤس کے پریس سیکرٹری کے دفتر نے اس حوالے سے تبصرے کی درخواست کا فوری جواب نہیں دیا۔
دوسری جانب فیلڈ مارشل عاصم منیر آج ایران کے دورے پر تہران پہنچے، جہاں انہوں نے ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کے سلسلے میں ایران کا دورہ کر رہے ہیں۔

